خیرپور، مختلف واقعات میں بچے اور خاتون سمیت 4 افراد جا ں بحق

بدھ 10 دسمبر 2014 13:58

خیرپور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء) مختلف واقعات میں بچے اور خاتون سمیت 4 افراد ہلاک‘ ایک نازک حالت میں اسپتال منتقل۔ تفصیلات کے مطابق سٹھارجہ کے قریب گوٹھ آرائیں گھوکی میں چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 سالہ بچہ عبدالرحیم آرائیں جاں بحق ہوگیا‘ تاہم دیگر اہل خانہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے‘ اچانک حادثے کی وجہ سے گھر میں کہرام مچ گیا۔

پیر گوٹھ کے قریب گوٹھ میر خاں لاشاری میں فائرنگ کے واقعہ میں ہادی بخش راہوجا ہلاک ہوگیا‘ واقعہ کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا اور نہ ہی تھانے میں رپورٹ درج ہوسکی تھی۔ رسول آباد کے قریب گوٹھ کوڑو خان کیریو میں ملزم زاہد کیریو نے اپنی نوجوان بیوی امیر خاتون کا گلا دبا کر قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ اطلاع پر لاش تحویل میں لے کر پولیس نے اسپتال پہنچائی۔

(جاری ہے)

مقتولہ کے ورثا نے بتایا کہ ملزم مقتولہ پر اکثر تشدد کرتا رہتا تھا‘ تھانے میں رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔ بی سیکشن تھانہ خیرپور کے علاقے محلہ نظامانی میں 22 سالہ لڑکی پربھات ولد گلزار بھٹو پراسرار طور پر ہلاک ہوگئی۔ اہل خانہ کے مطابق بجلی کی کرنٹ سے ہلاک ہوئی جبکہ اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ متوفیہ کی گردن پر رسی کا نشان ہے اس نے خودکشی کی ہے یا اسے رسی سے گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔

اسپتال میں ورثاء نے متوفیہ کا پوسٹ مارٹم نہیں ہونے دیا۔ پولیس واقعہ کی تفتیش کررہی ہے۔ کھسڈا تھانے کی حدود میں نوجوان عورت رخمنا ماڑیچو نے مبینہ طور پر زہریلی شے کھا کر خودکشی کی کوشش کی ہے جسے ورثا نے گمبٹ اسپتال داخل کرا دیا ہے جہاں اس کی جان بچانے کیلئے کوششیں کی جارہی تھیں واقعہ کی وجہ گھریلو ناچاقی بتائی جاتی ہے۔