Live Updates

عمران خان کو گلے لگانے کو تیار ہیں ‘خان صاحب شہروں کوآگ لگانا بندکریں اور واپس کنٹینر پر آجائیں ‘پرویز رشید

بدھ 10 دسمبر 2014 16:54

عمران خان کو گلے لگانے کو تیار ہیں ‘خان صاحب شہروں کوآگ لگانا بندکریں ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2014ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وہ عمران خان کو گلے لگانے کو تیار ہیں ‘خان صاحب شہروں کوآگ لگانا بندکریں اور واپس کنٹینر پر آجائیں ‘مذاکرات کاسلسلہ وہیں سے شروع کرینگے جہاں ختم کیاگیا تھا ‘عدالتی کمیشن کو کام کرنے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا ‘مسئلہ کشمیر حل ہونے سے ہی خطے میں امن قائم ہو گا اورخوشحالی آئے گی ‘بھارت اپنے آنجہانی رہنما پنڈت جواہر لعل نہرو کے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے کشمیریوں کوحق خودارادیت دے بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہاکہ سب کو پتہ ہے مزاکرات کا سلسلہ کس نے معطل کیا انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں عمران خان کا کنٹینر تنہائی کا شکار ہے ‘ خان صاحب مثبت اشارے دیں تو سب کچھ صیح ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہاکہ ہم عمران خان کو گلے سے لگانے کیلئے تیار ہیں تاہم وہ بھی سنجیدگی کا مظاہر ہ کریں ‘ عمران خان شہروں میں آگ لگانا بند کردیں مذاکرات شروع کر دئیے جائیں گے ،مذاکرات کا عمل عمران خان کے کہنے پر ہی روکا گیا تھا اور جیسے ہی مذاکرات شروع ہوں گے تو جوڈیشل کمیشن بھی بنا دی جائے گی دراصل جوڈیشل کمیشن کی تشکیل میں تاخیر کے ذمہ دار بھی عمران خان خودہی ہیں پرویزرشید نے کہا کہ دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل اسی وقت ہو سکتی ہے جب اس کمیشن میں شامل افراد کو یہ یقین ہوگا کہ تحقیقات کے دوران عمران خان انہیں گالم گلوچ اور برے الفاط سے نہیں نوازا جائے گا اور ان کے کئے گئے فیصلوں کو تمام لوگ تسلیم کریں گے وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ مسئلہ کشمیر حل ہونے سے ہی خطے میں امن قائم ہو گا اورخوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ خورشید شاہ ایک دانشور ہیں اور مسلم لیگ (ن) ان کی بات کو غور سے سنتی ہے۔قبل ازیں اسلام آباد میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان تمام عالمی فورموں پر کشمیر کا مسئلہ اٹھا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا منشور ہر شخص اور قوم کو انسانی حقوق اور حق خودارادیت کی ضمانت دیتا ہے اور پاکستان اور بھارت دونوں اقوام متحدہ کی طرف سے کئے گئے وعدوں کے پابند ہیں۔

پرویز رشید نے کہا کہ اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت پر زور دیتا ہے کہ وہ انسانی حقوق کا احترام کرے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور بھارت انسانی حقوق کے تحفظ کے بارے میں اقوام متحدہ سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرنے کے پابند ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ سے اپنے خطاب میں کشمیر کا مسئلہ بھرپور طریقے سے اٹھایا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے تو خطے میں امن اورخوشحالی آئے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پنڈت جواہر نہرو نے ہندوستان کو انگریزکی غلامی سے آزادی دلائی جنہوں نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کا وعدہ کیا تھا اب بھارت کوچاہئے کہ وہ نہرو کی روح کی تسکین کیلئے کشمیریوں کو آزادی دے۔ انہوں نے کہا کہ نہرو بھارت کے شہریوں کے محسن ہیں اوربھارت کو کشمیریوں کے حق کو تسلیم کرنا ہوگا اور ان سے کئے گئے اپنے آنجہانی رہنما کے وعدے کو پورا کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ اس کا میٹھا پھل سب کو ملے گا، کشمیریوں کو فائدہ پہنچے گا، معاملے کے حل سے دنیا کو فائدہ ہوگا، بھارت اپنے قائد کے وعدے کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرے اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے بھارت کے مقام میں بھی اضافہ ہوگا اوردنیا میں اسے عزت وقار ملے گا اورکشمیری عوام کسی اندیشے اور خطرے کے بغیر اپنی زندگی گزارسکیں گے۔

کشمیریوں کی ترقی سے خطہ ترقی کرے گا، دنیا ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر خوبصورت پہاڑوں اور جھیلوں کی وادی ہے، کشمیریوں میں دانش اوربصیرت ہے، دنیا کے تمام مذاہب کا تعلق کشمیر سے ہے جوسب کیلئے روحانی مرکز ہے، کشمیرمیں امن سے دنیا کیلئے اور کون سی اچھی بات ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بہت دکھ اٹھائے ہیں اللہ تعالیٰ ان کے دکھوں کو ختم کرے ۔

قبل ازیں کشمیری رہنماؤں نے اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے مظالم کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیرپر ناجائزقبضہ کررکھا ہے اور فوجی طاقت سے اسے اپنا اٹوٹ انگ قرار دے رہا ہے، کشمیریوں کے انگ انگ پر اس نے زخم دیئے ، پاکستان واحد ملک ہے جس نے ظالم اورمظلوم کی جنگ میں ہمارا ساتھ دیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ بھارت کشمیریوں کو کیوں شہیدکررہا ہے، ان پر ظلم وتشدد کیوں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم وجبر کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتے۔

حریت کانفرنس کے کنوینر یوسف نسیم نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کی اخلاقی ، سفارتی اورسیاسی حمایت پر پاکستان سے اظہار تشکرکیا اورکہا کہ پاکستان کے میڈیا نے ہرمحاذ پربھارتی میڈیا کا مقابلہ کرتے ہوئے کشمیریوں کے نصب العین کواجاگرکیا ہم پاکستان کے مشکورہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ 25 سال سے 8 لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں کی بندوقیں کشمیریوں پرمسلط ہیں، ہمارے ایک لاکھ کشمیری شہید ہوئے، 10ہزار لاپتہ ہیں ، بہت سے بہنیں بیوہ ہوئیں جنہیں ابھی تک معلوم نہیں کہ ان کے شوہر شہیدہیں یا زندہ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیرمیں الیکشن کے نام پر ڈھونگ رچایا جوکسی طرح استصواب رائے کا نعم البدل نہیں ہوسکتا۔

بھارتی فورسز اسپیشل پاورا یکٹ، پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کے ذریعہ کشمیریوں کو دبانے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ ہمارے بہت سے قائدین جیلوں اورگھروں میں نظر بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق نہیں دیا جاتا بھارت کے مظالم اوراس کی فوج کشمیریوں کی آواز ختم نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طاقت پاکستان کی حمایت اور6 لاکھ شہداء ہیں، پاکستان کی وساطت سے ہمیں او آئی سی میں نمائندگی ملی۔ تقریب کے آغاز پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویزرشید نے موم بتیاں جلا کر شہید کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :