Live Updates

کراچی میں تحریک انصاف کا احتجاج ،پولیس کا لائحہ عمل تیار

جلاو‘ گھیراو‘ یا ز بردستی د کان، دفتر یا کاروبار بندیا قانون ہاتھ میں لینے والے افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا، پولیس چیف

جمعرات 11 دسمبر 2014 13:32

کراچی میں تحریک انصاف کا احتجاج ،پولیس کا لائحہ عمل تیار

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2014ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پلان سی کے تحت کل جمعہ کو کراچی بند کرانے کی منصوبہ بندی کے جواب میں پولیس نے بھی لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔ کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ کسی کو قانونی شکنی نہیں کرنے دیں گے۔ کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے میڈیا کو بتایا کہ کراچی میں احتجاج یا جلسہ جلوس کرنا کسی بھی شہری کا جمہوری حق ہے دفعہ 144 کے تحت پانچ یا اس سے زائد افراد کے جمع ہونے کی بھی کوئی پابندی نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے آج جمعہ کو شہر بند کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا کہ کوئی شہری اپنی مرضی سے اپنی دکان، دفتر یا کاروبار بند کرنے کا اختیار رکھتا ہے لیکن اس سلسلے میں کسی کو دھونس، دھاندلی یا زبردستی نہیں کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

جلاو‘ گھیراو‘ یا قانون ہاتھ میں لینے والے افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

غلام قادر تھیبو نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے آج کے حوالے سے کراچی کے 25 سے زائد مقامات پر احتجاج کرنے کا لائحہ فراہم کیا ہے۔ جس کے تحت شاہراہ فیصل نرسری، کلفٹن تین تلوار، نمائس چورنگی، ملیر، نارتھ ناظم آباد، صدر اور لیاری کے علاقوں میں مرکزی پروگرام ہونگے۔ غلام قادر تھیبو کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کرنے والے رہنماو‘ں اور کارکنوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ پولیس چیف کے مطابق آج شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے انہوں نے توقع ظاہر کی کراچی میں فیصل آباد کے احتجاج جیسی صورتحال نہیں ہوگی

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات