ایبولاسے جنگ ،شاہ عبداللہ کی 3.5کروڑ ڈالرز کی امداد،

اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر ڈاکٹر احمد محمد علی نے شاہ عبداللہ کی جانب سے امدادی رقم کا اعلان کیا

جمعہ 12 دسمبر 2014 18:18

ایبولاسے جنگ ،شاہ عبداللہ کی 3.5کروڑ ڈالرز کی امداد،

الریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر 2014ء)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے براعظم افریقہ کے مغربی ممالک میں مہلک وائرس ای بولا سے نمٹنے کے لیے ساڑھے تین کروڑ ڈالرز کی رقم عطیئے کے طور پر دینے کا اعلان کیا ہے۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق شاہ عبداللہ کی جانب سے اس امدادی رقم کا اعلان اسلامی ترقیاتی بنک(آئی ڈی بی)کے صدر ڈاکٹر احمد محمد علی نے کیا ہے اور بتایا ہے کہ اس رقم کو آئی ڈی بی ای بولا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج ومعالجے کے لیے استعمال کرے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید بتایا ہے کہ اس امدادی رقم سے متعلقہ متاثرہ ممالک میں اسکولوں کو تھرمل سنسرز اور طبی معائنے کے لیے آلات بھی مہیا کیے جائیں گے تاکہ متاثرہ افراد کی بروقت تشخیص کی جاسکے اور ان سے اس وائرس کے پھیلنے کو روکا جاسکے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)کی جانب سے فراہم کردہ تازہ اعداد وشمار کے مطابق اس مہلک وائرس سے لاحق ہونے والے مرض سے اب تک چھے ہزار تین سو سے زیادہ افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ان مہلوکین میں سے زیادہ تر کا تعلق براعظم افریقہ کے تین مغربی ممالک سے ہے۔اس وقت گنی ،لائبیریا اور سیرالیون میں ایبولا وائرس سے متاثرہ گیارہ ہزار سے زیادہ مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔