بچوں کو بنیادی سہولتیں اور تحفظ فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے ضلع کے تمام محکموں کو چاہیے کہ وہ بچوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرگھوٹکی

جمعہ 12 دسمبر 2014 18:58

گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر 2014ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرگھوٹکی محمد عمر میلا نے کہا ہے کہ بچوں کو بنیادی سہولتیں اور تحفظ فراہم کرنا ہم سب کا فرض ہے اس لیے ضلع کے تمام محکموں کو چاہیے کہ وہ بچوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی روم میرپور ماتھیلو میں یونیسیف چائلڈ پروٹیکشن پروجیکٹ کے حوالے سے منقعدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے مہذب ممالک میں بچوں کو تعلیم و صحت سمیت بنیادی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں اور ان کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا کے بہت سے ممالک ترقی یافیہ بن گئے ہیں اس لیے ہمیں بھی چاہیے کہ ہم اپنی قوم کے بچوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کریں کیوں کہ یہی بچے مستقبل میں ملک کے معمار بنیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم، صحت و پولیس سمیت متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ بچوں کو بنیادی سہولتیں اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں جو کہ ان کا فرض ہے۔ قبل ازیں یونیسیف کی جانب سے مقرر چائلڈ پروٹیکشن افسر زاہدا منظور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع گھوٹکی کے ان علاقوں میں پراجیکٹ جاری ہے جہا ں پر کپاس کی فصل زیادہ مقدار میں ہوتی ہے اور بچے اسکول جانے کے بجائے کپاس چُنتے ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے پراجیکٹ کے تحت ان 5 ہزار 9 سو بچوں کوسہولتیں فراہم کرکے اسکولوں میں داخل کروایا گیا ہے جو اسکول چھوڑ چُکے تھے اس کے علاوہ 362 استاتذہ کو ٹریننگ دی گئی ہے تا کہ وہ بچوں کو بہتر سے بہتر ماحول فراہم کر سکیں تاکہ بچے خوشگوار ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں ۔ اس کے علاوہ 703 غریب عورتوں کو 14سے 20 ہزار تک کی رقم دی گئی اور اسکولوں میں 67 ہینڈ پمپ لگوائے گئے ہیں جبکہ 97 کی مرمت کروائی گی ہے۔

متعلقہ عنوان :