نیشنل گرڈ سٹیشن میں فنی خرابی، صوبہ پنجاب میں‌ بجلی کی طویل بندش

جمعہ 12 دسمبر 2014 20:33

نیشنل گرڈ سٹیشن میں فنی خرابی، صوبہ پنجاب میں‌ بجلی کی طویل بندش

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12دسمبر۔2014ء) نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے سسٹم میں فنی خرابی کے سبب بجلی کا بریک ڈائون پیدا ہوگیا۔ اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے متعدد شہر اندھیرے میں ڈوب گئے۔ وزارت پانی و بجلی کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب اور رسد میں غیر معمولی فرق کے باعث مسئلہ پیدا ہوا۔ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر مکمل بجلی بحال نہیں کر سکتے۔

تربیلا، منگلا اور غازی بروتھا پاور ہاؤس سے بجلی فراہم کرنے والی 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن کی فریکونسی متاثر ہونے کے سبب بجلی کا بریک ڈاؤن پیدا ہوگیا۔ نیشنل پاور کنٹرول سسٹم میں فنی خرابی کے باعث جڑواں شہروں سمیت ملک کے متعدد شہروں میں بجلی کا بریک ڈائون پیدا ہوا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، فیصل آباد، اٹک، چکوال، جہلم، ڈی آئی خان اور ملتان سمیت متعدد علاقوں میں تاحال بجلی بحال نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

وزارت پانی وبجلی حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی طلب کے مقابلے پیداوار میں کمی کے باعث بریک ڈائون ہوا۔ تربیلا اور غازی بروتھا پاور ہاؤس پر دبائو بڑھنے کی وجہ سے 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی فریکونسی متاثر ہونے کے سبب مین لائن مکمل طور پر بند ہوگئی جبکہ 220 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کی فراہمی جاری رہی۔ وزارت پانی وبجلی نے دعویٰ کیا کہ شام بجے تک فنی خرابی دور کرکے بجلی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی تاہم ایسا نہ ہوسکا۔

ہنگامی بنیادوں پر اسلام آباد کے ریڈ زون اور حساس اداروں اور علاقوں میں بجلی فراہم کر دی گئی تاہم ملک کے متعدد رہائشی علاقے تاحال تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ وزارت پانی و بجلی حکام کا مزید کہنا ہے کہ عارضی بنیادوں پر تربیلا، منگلا اور غازی بروتھا نے پیداوار شروع کر دی ہے جس سے شہری علاقہ جات میں بجلی کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے جبکہ دیہی علاقوں میں تب ہی بجلی بحال کی جائے گی جب شہری علاقوں میں بجلی مکمل طور پر بحال ہو جائے گی۔

وزارت پانی وبجلی کے مطابق نیشنل گرڈ میں چھ ہزار میگاواٹ بجلی شامل کر لی گئی ہے۔ حیسکو، سپکو اور کوئیسکو بجلی بحران سے متاثر نہیں ہوئے۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر مکمل بجلی بحال نہیں کر سکتے۔ بجلی کی بحالی مرحلہ وار کیا جا رہا ہے تاکہ دوبارہ سسٹم ٹرپ نہ ہو۔ دوسری جانب نیشنل گرڈ میں فنی خرابی سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے کیساتھ ہسپتالوں میں بھی مریضوں کو مشکلات درپیش ہیں۔ بجلی کی بندش سے ہسپتالوں میں کئی آپریشن التوا کا شکار ہو گئے ہیں جس سے مریضوں کے لواحقین بے بسی کی تصویر بن کر رہ گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :