اداکارہ میرا نے عارضی طور پر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا

منگل 16 دسمبر 2014 12:00

اداکارہ میرا نے عارضی طور پر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 دسمبر 2014ء) اداکارہ میرا نے عارضی طور پر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ، آئندہ صرف مضبوط اور جاندار سکرپٹ والی فلموں اور ڈرامہ سیریلز میں کام کروں گی ، نان پروفیشنل لوگوں نے فلم انڈسٹری کو تباہ کیا ، اپنی عزت اور انا سب سے زیادہ عزیز ہے ، عمران خان سے شادی کا سوال پیدا نہیں ہوتا ، میری اور ان کی عمر میں بہت زیادہ فرق ہے ۔

اداکارہ میرا نے ” اُردو پوائنٹ“ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں نے سپر ہٹ فلموں میں کام کیا ، مسلسل فلموں میں کام کر کے اپنی ساتھ کو ختم نہیں کرنا چاہتی ۔ میں بالی وڈ فلم ” پاکیزہ “ کی ہیروئن مینا کماری ،” امراؤ جان ادا“ کی ہیروئن ریکھااور مغل اعظم کی مدھو بالا کے جیسے کردار ادا کرنا چاہتی ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فنکار بڑا نہیں ہوتا اس کا کام اور کردار اس کو بڑا بنا دیتا ہے جس کی بڑی مثال بھارت کے لیجنڈ دلیپ کمار ہیں جنہوں نے کم فلموں میں کام کرنے کے باوجود ہزاروں فلموں جیسی شہرت حاصل کی ۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ میرا نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں نان پروفیشنل لوگ آچکے ہیں جنہوں نے انڈسٹری کو برباد کر دیا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان اچھے سیاستدان ہیں اور میں ان کی عزت کرتی ہوں لیکن شادی کی کوئی بات نہیں کیونکہ میری اور ان کی عمر میں بڑا فرق ہے ۔ پی ٹی آئی کے دھرنے میں شرکت نہیں کی اور نہ ہی خواہش ہے اور ویسے بھی مجھے سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں ۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھوٹے اور منافق لوگوں سے سخت چڑ ہے ۔ ہسپتال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے کہا کہ اس کے لیے میں پروفیشنل ٹیم بنا رہی ہوں اور جلد ہسپتال کی فنڈ ریزنگ کی مہم کا آغاز کروں گی ۔ آج کل میں ایجوکیشن پر زیادہ توجہ دے رہی ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میرا مذاق اڑانا بند کر دے میں کوئی مذاق والی چیز نہیں بلکہ ملک کی سٹار اداکارہ ہوں اور مجھے اپنی عزت سب سے پیاری ہے ۔ شادی کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی کہہ چکی ہوں کہ جب بھی شادی کروں گی تو سب کے سامنے کروں گی اور خاص طور پر میڈیا کے دوستوں کو ضرور دعوت دوں گی ۔

متعلقہ عنوان :