سانحہ پشاور کی عالمی برادری کی جانب سے شدید مذمت۔۔۔

پشاور میں سکول پر دہشت حملے پر انتہائی افسوس ہے،ڈیوڈکیمرون ، بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کرتا ہوں،نریندر مودی ، یہ غیر انسانی حملے دہشت گردی کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں،بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، طالبان کی جانب سے بچوں کے قتل عام پر شدید دکھ ہوا ،افغانستان میں یورپی یونین کے سفیر کا بیان

منگل 16 دسمبر 2014 18:41

سانحہ پشاور کی عالمی برادری کی جانب سے شدید مذمت۔۔۔

لندن،نئی دہلی،کابل(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 دسمبر 2014ء) پشاور میں سکول پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کی عالمی رہنماؤں کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈکیمرون نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ انہیں پشاور میں سکول پر دہشت حملے پر انتہائی افسوس ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے آنیوالی خبریں انتہائی افسوسناک ہیں ،یہ دہلا دینے والی خبر ہے کہ بچوں کو صرف سکول جانے کیلے مارا جارہا ہے ۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مذمتی بیان میں کہا کہ پشاور میں ایک سکول پر بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ یہ ناقابلِ بیان وحشت پر مبنی بے حس حملہ ہے جس نے معصوم ترین انسانوں کی جان لی ہے جو سکول جانے والے بچے ہیں۔ مجھے اس واقعے میں ہلاک ہونے والے لوگوں کی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا۔

(جاری ہے)

ہم ان کا دکھ سمجھتے ہیں اور اس میں برابر کے شریک ہیں۔

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میں پشاور میں سکول پر حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ یہ غیر انسانی حملے دہشت گردی کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں۔ مجھے ان بچوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے جو پشاور میں دہشت گردوں کا شکار بنے۔ادھر اس دوران کابل میں یورپی یونین کے سفیر ایم ملبین نے بھی اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے بچوں کے قتل عام پر شدید دکھ ہوا اس بات کا بھی شدید غصہ ہے کچھ لوگ اس طرح کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔