پشاور میں پیش آنیوالے قومی سانحے کی مذمت میں تین روزہ قومی سوگ کے دوران ٹنڈوالہ یار زون میں تمام تنظیمی سرگرمیاں معطل

بدھ 17 دسمبر 2014 17:39

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 دسمبر 2014ء) پشاور میں پیش آنے والے قومی سانحے کی مذمت میں ایم کیو ایم (پاکستان ) کی جانب سے منائے جانے والے تین روزہ قومی سوگ کے دوران ٹنڈوالہ یار زون میں تمام تنظیمی سرگرمیاں معطل رہیں۔ اس موقع پر زونل آفس پر سیاہ پرچم لہرائے گئے ۔علاوہ ازیں سانحہ پشاور میں شہیدہونے والے بچوں ، اساتذہ اور دیگر افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے سلسلے میں زونل آفس کے سامنے دعائیہ اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔

دعائیہ اجتماع میں زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداران ، یونٹ ذمہ داران و کارکنان سمیت ہزاروں طالبعلموں نے شرکت ۔ اس موقع پر زونل انچارج نوید قائم خانی اور رکن زونل کمیٹی ثاقب احمد خانزادہ نے دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے فوری خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

(جاری ہے)

بعد ازاں سانحہ پشاور میں شہیدہونے والے طلباء ، اساتذہ اور دیگر افراد کے درجات کی بلندی اور زخمی طالبعلموں اور دیگر افراد کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔علاوہ ازیں ٹنڈو الہ یار پریس کلب کی جانب سے سانحہ پشاور کے خلاف احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم کیوایم سمیت مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر زونل انچارج نوید قائم خانی، جوائنٹ زونل انچارج عبدالرحمان ایڈوکیٹ، اراکین زونل کمیٹی ثاقب احمد خانزادہ اور ادریس خانزادہ نے پریس کلب کے صدر بشارت علی قائم خانی ، جنرل سیکریٹری غلا م رسول نہڑیو اور دیگر صحافی حضرات کے ہمراہ دہشت گردی کے اندہناک واقعے کے خلاف احتجاجی نعرے لگائے اور دہشت گردی میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :