سونا چاندی نکالنے کے ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والے ڈاکٹرثمر مبارک مند اور انکی ٹیم کو وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کی جانب سے کام سے روکنے کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آئین پٹیشن دائر کر دی گئی۔

جمعرات 18 دسمبر 2014 16:04

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) یہ آئینی پٹیشن وطن پارٹی کے بئیرسٹر ظفراللہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی سربراہی میں ریکوڈک سے سونا چاندی نکالنے کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے مگر وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک نے انکی پوری ٹیم کو اس منصوبے پر کام سے روک دیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی بلوچستان کک بیک حاصل کرنے کے لئے بین الاقوامی فرموں کوریکوڈک منصوبے کے ٹھیکے سے نوازنا چاہتے ہیں جس کی وجہ سے ڈاکٹر ثمر اور انکی ٹیم کو کام سے روکا گیا ۔درخواست میں کہا گیا کہ منصوبہ کی بروقت تکمیل نہ ہونے سے پاکستان کو روزانہ اربوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جو کسی قومی المیے سے کم نہیں ہے۔سپریم کورٹ پہلے ہی بین الاقوامی فرموں کو ٹھیکے کی فراہمی کا عمل کالعدم قرار دے چکی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے وزراعلی بلوچستان کو ریکوڈک منصوبے میں مداخلت سے روکنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔