وزیراعظم نواز شریف کی اپیل پر ”یوم علم “منایاگیا،سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے ”یوم دعا “کل منایاجائیگا

جمعرات 18 دسمبر 2014 16:12

لاہور/اسلام آباد/پشاور/کوئٹہ/کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 دسمبر 2014ء) وزیراعظم محمدنواز شریف کی اپیل پر جمعرات کے روز ”یوم علم “بھرپور طریقے سے منایاگیاجبکہ کل جمعہ کے روز سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے ”یوم دعا “منایاجائیگا ۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اپیل پر پنجاب سمیت ملک بھر میں”یوم علم “ کے سلسلہ میں تمام تعلیمی اداروں میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں ۔

سکول و کالجز میں گرینڈ اسمبلیز منعقد کی گئیں جن میں تلاوت کلام پاک اور نعت خوانی کے بعد سکولوں کے سربراہان ، فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات کے نمائندگان نے اپنے خطاب میں اس امر کا برملااظہار کیا کہ دہشتگردی سے ڈر کر تعلیم وتدریس کاسلسلہ منقطع نہیں ہونے دیاجائیگا ۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کو علم کی طاقت سے شکست دے کرجہالت ، گمراہی کاشکار عناصر کو راہ راست پر لانے کی جائے گی۔

اس موقع پر سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے قرآن خوانی فاتحہ خوانی کے علاوہ شہداء کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اپیل پر پشاور کے شہداء کیلئے آج جمعہ کے دن کو ” یوم دعا “ کے طور پر منایا جائے گا ۔ اس دن کی مناسبت سے خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد کی جائیں گی جن میں شہداء کیلئے دعائے مغفرت سمیت پاک فوج کے جاری آپریشن ضرب عضب کی کامیابی ، وطن عزیز کی سلامتی ، ملکی استحکام ، پاکستان کی جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ، دہشت گردی کے خاتمہ ، وطن عزیز میں انتشار و بد امنی پھیلا کر ناپاک عزائم کی تکمیل کی کوشش کرنے والوں کی ناکامی ، اتحاد بین المسلمین ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی دعائیں بھی مانگی جائیں گی۔

ان تقریب میں تمام مسالک کے علماء کرام ، سیاسی ، دینی ، مذہبی رہنما ، طلباء ، اساتذہ ، وکلاء ، علماء ، دانشور ، تاجر اور سول سوسائٹی کے تمام مکاتب فکر کے افراد شرکت کریں گے۔