وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی کی ملک بھر کے علمائے کرام سے آج نماز جمعہ کے اجتماعات میں ملکی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کرانے اور بعد ازاں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کی اپیل ،

سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں اور پوری قوم دہشت گردی کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں اور پاک سرزمین کو دہشت گردوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کردیا جائے، عابد شیر علی

جمعرات 18 دسمبر 2014 19:15

وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی کی ملک بھر کے علمائے ..

راولپنڈی/ اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء ) وفاقی وزیر مملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے ملک بھر کے علمائے کرام سے آج نماز جمعہ کے اجتماعات میں ملکی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کرانے اور بعد ازاں پاک فوج) سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ تمام مذہبی و سیاسی جماعتیں اور پوری قوم دہشت گردی کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں اور پاک سرزمین کو دہشت گردوں سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کردیا جائے ۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سینیٹر نجمہ حمید کے بہنوئی ․رکن قومی اسمبلی بیگم طاہرہ اورنگزیب کے شوہر اور رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب کے والد راجہ اورنگزیب کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد ان کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک تحفظ حقوق عوام پاکستان کے صدر پیر عبدالشکور نقشبندی ،ایم ایس ایف پنجاب کے جنرل سیکریٹری مقبول احمد خان، مسلم لیگ یوتھ ونگ کے ڈویژنل صدر لیاقت خان اور نائب صدر شیخ منیر احمد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

چوہدری عابد شیر علی نے سانحہ پشاور میں معصوم طلباء، اساتذہ اور فوجی اہلکاروں کی شہادت پر تمام پاکستانیوں، مسلح افواج کے افسران وجوانوں اورتمام شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس المناک سانحہ پر ہرآنکھ اشکبار ہے اور ہر دل سوگوار ہے ۔ معصوم بچوں کا لہو رنگ لارہا ہے اور ان کی شہادتوں نے سوئی ہوئی قوم کو جگاکر دہشت گردوں کے خلاف متحدکردیا ہے ۔

آج ہردردمند دل رکھنے والا فرد نہ صرف خون کے آنسو رو رہا ہے بلکہ وہ عناصر بھی آج دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں جو کل تک طالبانائزیشن کے حامی تھے ۔چوہدری عابد شیر علی نے کہاکہ اس وقت تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو اپنے سیاسی ونظریاتی اختلافات بالائے طاق رکھ کردہشت گردوں کے خلاف قومی یکجہتی کا بھرپورمظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ اب فیصلہ کن جنگ کا وقت آگیا ہے کہ فیصلہ کیا جائے کہ پاک فوج کے ساتھ کون ہے اور دہشت گردوں کا ساتھی کون ہے؟۔

پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردوں کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ کردیا جائے ۔چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ معصوم وبے گناہ بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں ہم سب کو اجتماعی طور پر ان فاسد اور گمراہ کن نظریات کی بیخ کنی کرنی ہوگی جو ہمارے سماج میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی افزائش کا سبب بن رہے ہیں ۔ ملک سے جہالت ، بیماری اور افلاس کو ختم کرنے اور اپنے عوام کے مسائل کو حل کرنا ہی حقیقی جہاد ہے جو ہمیشہ نظر انداز ہوتا رہا ۔ آج ہمارے عوام اور فوج بڑی تعداد میں دہشت گردی کا نشانہ بن رہے ہیں آخر ایسا کب تک ہوتا رہے گا؟۔