ورلڈکپ کبڈی،پاکستان نے مردوں کے سیمی فائنل میں ایران کو56-28 پوائنٹس سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،

فائنل میں بھارت کے ساتھ مقابلہ ہوگا، خواتین کے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دیدی، تیسری اور چوتھی پوزیشن کامیچ کل ہوگا، جیت ہم شہداء پشاور کے نام کرتے ہیں، انشااللہ فائنل میں بھارت کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نا م کرینگے‘ ڈی جی سپورٹس عثمان انور

جمعرات 18 دسمبر 2014 23:16

ورلڈکپ کبڈی،پاکستان نے مردوں کے سیمی فائنل میں ایران کو56-28 پوائنٹس ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18دسمبر 2014ء) پانچویں کبڈی ورلڈکپ کے مردوں کے سیمی فائنل میں پاکستان نے ایران کو 56-28پوائنٹس سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت سے ہوگا، جبکہ خواتین کے سیمی فائنل مقابلہ میں بھارت نے پاکستان کو 47-19پوائنٹس سے شکست دے دی ، پانچویں کبڈی ورلڈکپ کے دونوں سیمی فائنل بھارتی شہر سنگرور میں ہوئے، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے ٹیم کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان کی مردوں کی ٹیم نے ایران کے خلاف بہت اچھاکھیل پیش کیا ہے اور انشاالله ہماری ٹیم فائنل میں بھی بھارت کو شکست دے گی، ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور خواتین کی ٹیم نے بھی اچھا کھیل پیش کیا تاہم وہ جیت نہیں سکی، آئندہ ایونٹس میں غلطیوں پر قابو پاکر اچھا کھیل پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

مردوں کے سیمی فائنل میں پاکستان کی ٹیم نے ایران کے خلاف بہت عمدہ کھیل پیش کیا ، ریڈرز میں محمد خان نے 7، کپتان شفیق احمد چشتی نے 6، اکمل شہزاد ڈوگر نے6،لالہ عبیدالله نے 5،عرفان مانانے 5،رحمان اشتیاق نے 5اوررانانعیم نے 4 کامیاب ریڈز کئے، جبکہ سٹاپرز میں مشرف جاوید جنجوعہ نے 5، رانا علی شان نے4، محسن واہلہ نے 3سٹاپ کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان شفیق احمد چشتی نے سیمی فائنل جیتنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرنے ہوئے کہا کہ آج کی جیت ہم شہداء پشاور کے نام کرتے ہیں جبکہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انورکا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے کبڈی کے ٹریننگ کیمپ میں ہمیں تمام سہولیات مہیا کیں جس کی بدولت آج ہماری ٹیم کی کارکردگی مثالی ہے اور انشاالله ہم قوم کو ورلڈکپ کا تحفہ دیں گے اس موقع پر قومی کبڈی ٹیم کے ہیڈکوچ غلام عباس بٹ نے کہا کہ ہم بھارت کو بھارت میں ہراکر قوم کو ورلڈکپ کا تحفہ دیں گے۔

خواتین کے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 47-19 کے واضح فرق سے شکست دے دی ہے، پاکستان کی طرف سے کپتان مدیحہ لطیف ،نیلم ریاض ، عمارہ رزاق ، سحرش ،اور سائرہ شاہ نے اچھا کھیل پیش کیا تاہم بھارت کی جانب سے انورانی مندیپ کور، سکھوندر کورسکھی، پریانکارانی نے بہت ہی عمدہ کھیل پیش کرکے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، اس موقع پر خواتین کی قومی ٹیم کی کپتان مدیحہ لطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور کی وجہ سے ہمارے دل دکھی تھے تاہم پھربھی ہماری ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا ہے بھارت کی وومن ٹیم کوکبڈی کھیلتے ہوئے 12سال ہوگئے جبکہ ہمیں ابھی دوسرا سال ہے تاہم آئندہ ایونٹس میں اپنی خامیوں پر قابو پاکر اچھا کھیل پیش کریں گے۔

واضح رہے تیسری اور چوتھی پوزیشن کے مرد وخواتین کے میچز19دسمبر کوکھیلے جائیں گے جس میں خواتین میں پاکستان اور ڈنمارک اور مردوں میں انگلینڈ کا مقابلہ ایران کے ساتھ ہوگا،دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کی ٹیم نے انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم ہراکر کبڈی ورلڈکپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے ، مردو خواتین کے فائنل میچز 20دسمبر کو ہوں گے جس میں مردوں میں پاکستان اور بھارت جبکہ خواتین کے میچ میں بھارت کا مقابلہ نیوزی لینڈ کے ساتھ ہوگا۔