بیجنگ‘ ایڈز کی رپورٹ مثبت آنے پر آٹھ سالہ بچے کو 200افراد نے ملکر بے دخل کر دیا

جمعہ 19 دسمبر 2014 12:32

بیجنگ‘ ایڈز کی رپورٹ مثبت آنے پر آٹھ سالہ بچے کو 200افراد نے ملکر بے ..

بیجنگ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) چین کے جنوبی صوبے سچوان کے ایک گاوٴں میں ایچ آئی وی/ ایڈز کی رپورٹ مثبت آنے پر ایک آٹھ سالہ بچے کو 200 افراد نے مل کر گاوٴں سے بے دخل کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد چین میں ایک نئی بحث زور پکڑ گئی ہے، جہاں ایچ آئی وی/ ایڈز میں مبتلا افراد کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا جاتا ہے۔

افسوس ناک بات یہ ہے کہ گاوٴں کے جن 200 افراد نے لوگوں کی صحت کی حفاظت کی غرض سے بچے کو بے دخل کرنے کی دستاویز پر دستخط کیے ان میں اس بچے کا دادا بھی شامل ہے۔غیر ملکی میڈیا نے ایک مقامی اخبار کے حوالے سے لکھا کہ مذکورہ بچے میں ایڈز کے جراثیم اس کی ماں سے منتقل ہوئے جس کا انکشاف 2011 میں اس وقت ہوا جب اس کے معمولی زخموں کا علاج کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

مذکورہ اخبار کے مطابق کن کن (فرضی نام) نامی اس بچے کو مقامی اسکول میں داخلہ بھی نہیں دیا گیااور گاوٴں کے افراد اس سے بات چیت کرنے سے بھی احتراز برتتے تھے۔کیونسٹ پارٹی کے ترجمان پییلز ڈیلی اخبار کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کن کن کے حوالے سے لکھا گیا کہ میرے ساتھ کوئی نہیں کھیلتا، میں اکیلا ہی کھیلتا ہوں۔ویب سائٹ کے مطابق کن کن کو گاوٴں والوں کی جانب سے دائر پٹیشن میں ایک ٹائم بم سے تشبیہ دی گئی۔

دوسری جانب گاوٴں کے سربراہ وانگ یشو نے بتایا کہ گاوٴں والوں کی ہمدردیاں اس کے ساتھ ہیں، وہ ایک معصوم اور چھوٹا سا بچہ ہے تاہم اس کا ایچ آئی وی/ ایڈز میں مبتلا ہونا ہمارے لیے خطرناک ہے۔ویب سائٹ کے مطابق کن کن کی والدہ نے 2006 میں ان کے خاندان سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، کن کن کے والد اس کی بیماری کے بارے میں جاننے کے بعد کسی سے رابطے میں نہیں ۔

متعلقہ عنوان :