خیبرپختونخوا اسمبلی میں بعدازنماز جمعہ سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کے لئے قرآن خوانی کی گئی

جمعہ 19 دسمبر 2014 16:31

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) خیبرپختونخوا اسمبلی میں بعدازنماز جمعہ سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کے لئے قرآن خوانی کی گئی جس میں سیکرٹری اسمبلی امان اللہ، سیکرٹری ٹو سپیکر سعید خان اور پی آر ٹو سپیکر طارق خان سمیت کثیر تعداد میں افسران و ماتحت عملے نے شرکت کی اس موقع پر شہداء کے لئے خصوصی دعا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے انہیں جواررحمت میں جگہ دینے اور اہل خانہ و لواحقین کو صبرجمیل عطا کرنے کی دعا کی گئی ۔

(جاری ہے)

دعا میں مزید کہا گیا کہ اللہ پاک ارض پاکستان کو اپنی خصوصی امان میں رکھتے ہوئے ایسے افسوسناک و دردناک واقعات سے محفوظ رکھے دعا میں کہا گیا کہ باری تعالیٰ دہشتگردوں کو عبرتناک انجام دے اور مسلمانوں کو اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق برقرار رکھنے کے لئے توفیق عطا فرمائے ۔دعا میں کہا گیا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے اعمال کی درستگی کا احتمال کرتے ہوئے اپنی زندگیوں کو دین اسلام کے مطابق ڈھالیں تاکہ ملک میں امن و امان کا قیام ممکن ہونے کے ساتھ ساتھ ایک مثالی معاشرہ قائم ہوسکے۔