Live Updates

پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات شروع

جمعہ 19 دسمبر 2014 16:42

پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات شروع

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل شروع ہو گیا ہے اور دونوں کمیٹیوں کے درمیان ملاقات جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی کمیٹی میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر برائے ترقی احسن اقبال شامل ہیں جو مذاکرات کیلئے تحریک انصاف کے رہنماءجہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جہانگیر ترین، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی مذاکراتی عمل میں شریک ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران 2013ءکے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سانحہ پشاور کے غم میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دھرنا ختم کر دیا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جن اصولوں پر دھرنا دیا وہ ان پر قائم رہیں گے اور انصاف کیلئے حصول کی جنگ جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا تھا کہ حکومت دھاندلی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کرے اور وہ جو بھی فیصلہ کرے گا قبول کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے عمران خان کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا تھا اور کہا تھا کہ تحریک انصاف کے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات