مولانا عبدالعزیز کو فوری گرفتار کیا جائے، الطاف حسین کا مطالبہ

جمعہ 19 دسمبر 2014 20:47

مولانا عبدالعزیز کو فوری گرفتار کیا جائے، الطاف حسین کا مطالبہ

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر۔2014ء) الطاف حسین نے پشاور سانحہ پر بیان بازی کرنے پر مولانا عبدالعزیز کی فوری گرفتاری اور جامعہ حفصہ کو بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔سانحہ پشاور کی یاد میں ایم کیو ایم کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پشاور سانحہ پر مولانا عبدالعزیز کے بیانات پر بہت دکھ ہوا۔ میں پاک فوج سے مطالبہ کرتا ہوں کہ مولانا عبدالعزیز کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

انہوں نے جامعہ حفصہ کو بند کرنے اور لال مسجد کو مسمار کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچانا ہے تو طالبان سے نجات دلانا ہوگی اور اس فتنے کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے آپریشن ضرب عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلا دیں۔

(جاری ہے)

آپریشن ضرب عضب آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہنا چاہیے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اسلام سلامتی کا دین ہے جس کا مطلب بھائی چارہ ہے۔

اسلام کہتا ہے کہ جو مشکل میں میں آج تمام پاکستانیوں سے سوال کرتا ہوں کہ آپ کو اسلام چاہیے یا طالبان کی تعلیمات چاہیں؟۔ کیا اسلام کے نام پر معصوم بچوں کو قتل کرنے والوں کو مسلمان کہو گے؟۔ بچوں کا اس طرح سے قتل عام کرنے والا مسلمان نہیں ہو سکتا۔ اپنی تقریر کے دوران ایک موقع پر سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کا ذکر کرتے ہوئے الطاف حسین آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ میں سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے اپنے تمام بچوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔