امین فہیم نے پرویز مشرف سے ملاقات کسی سے چھپ کر نہیں کی، بلاول بھٹو ناراض نہیں: خورشید شاہ

ہفتہ 20 دسمبر 2014 16:20

امین فہیم نے پرویز مشرف سے ملاقات کسی سے چھپ کر نہیں کی، بلاول بھٹو ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19دسمبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءاور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مخدوم امین فہیم کی پارٹی سے کوئی ناراضی نہیں، انہوں نے پرویز مشرف سے ملاقات سب کے سامنے کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں مخدوم امین فہیم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ امین فہیم نے پرویز مشرف سے ملاقات چھپ کر نہیں، سب کے سامنے کی ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں، مذاکرات کیلئے کوئی تالابندی نہیں، امین فہیم نے فون پر کہا کہ کراچی آئے تو اکٹھے کھانا کھائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امین فہیم سے کوئی اختلاف نہیں، وہ پہلے بھی مشرف سے ملتے رہے ہیں جبکہ آج کی میٹنگ چند روز قبل طے کی تھی۔ ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کی ناراضی کی باتیں بھی بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی آج بھی دہشت گردی کے خلاف کھڑی ہے اور اس معاملے میں ہمیشہ حکومت کو سپورٹ کیا ہے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ امین فہیم ہر برے وقت میں پارٹی کے ساتھ رہے، جمہوریت کی خاطر آمر سے بھی بات کرنا پڑتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وہ کبھی بھی پرویز مشرف سے نہیں ملے اور نہ ہی اب کوئی ملاقات کی ہے۔