جودہ حکومت ملک سے پسماندگی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے، مرتضیٰ جاوید عباسی

ہفتہ 20 دسمبر 2014 17:45

اسلا م آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء ) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے دیہی اورپسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اس مقصد کے حصول کے لیے حالیہ بجٹ میں خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج ضلع ایبٹ آباد میں زیر تعمیر جبڑ، ستوڑا،چیڑ کالا باغ روڈ پر جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے مقامی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس روڈ کی تعمیر سے علاقے کے 35سے زیادہ دیہات کے عوام مستفید ہونگے۔ اس موقع پر ایرا اور واپڈا کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے اس علاقے کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے پسماندگی کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے اور ملک کے دوردراز اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف ہزارہ ڈویژن کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے حویلیاں کے جلسے میں ان علاقوں کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے اور مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ایرا کے اعلیٰ حکام اور مذکورہ روڈ کے کنٹریکٹر کو اس پر کام کی رفتار کو بڑھانے اور جون 2015سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اس روڈ کے سلسلے میں فنڈز کی فراہمی کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے مقامی آبادی کی شکایت پر ستوڑا کے مقام پر بنائے جانے والی پلی میں پائے جانے والے نقائص کو دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی اسپیکر نے ستوڑا کے علاقے میں بجلی کی low voltage کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے واپڈا کو اس کے فوری تدارک کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے اس موقع پر موجود عوام کو یقین دلایا کہ بہت جلد بجلی کی low voltage کے خاتمے کے لیے ستوڑا میں گرڈ اسٹیشن قائم کیا جائے گا۔

تاہم اس مسئلے کے فوری حل کے لیے واپڈا LTVکیبل کی تبدیلی اور واپڈا شکایت آفیس قائم کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر موجود عمائدین علاقہ اورعوام نے علاقے کی ترقی کے لیے خصوصی توجہ دینے پر ڈپٹی اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔