حکومت سند ھ عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے کے بجائے سیاسی مخالفین پر تنقید کرنے کو ہی اپنا فریضہ سمجھتی ہے، نجیب ہارون

ہفتہ 20 دسمبر 2014 20:46

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر نجیب ہارون نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے اور عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے سیاسی مخالفین پر تنقید کرنے کو ہی اپنا شیوہ بنا لیا ہے ، شہر کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور اسٹریٹ کرائم میں ایکبار پھر اضافہ ہورہا ہے ۔ دہشت گردوں نے اہلیان کراچی کا جینا محال کردیا ہے ، گزشتہ روز سائٹ کے علاقہ میٹروول میں ڈاکٹر ہدایت الرحمن کو دہشت گردوں نے اغوا کے بعد قتل کردیا ، کراچی شہر میں معصوم نہتے شہریوں کے ساتھ ساتھ سیاسی و مذہبی کارکنان کا قتل عام روز کا معمول بن چکا ہے جس کی تحریک انصاف بھر پور مذمت کرتی ہے ۔

یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پلول ہاؤس واقع ڈیفنس میں ضلع غربی کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔

(جاری ہے)

نجیب ہارون نے مزید کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شہر کراچی میں فرقہ واریت اور لسانیت کی آگ کو ہوا دی جارہی ہے اور ڈاکٹر جیسے عظیم پیشے سے وابستہ افراد کو دہشت گرد اپنا نشانہ بنا رہے ہیں جو اہلیان کراچی کے لیے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گرد کوئی بھی ہوں انہیں اپنے منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے ، حکمرانوں کے ساتھ ساتھ سیکورٹی ادارے شہر کراچی کے امن کی بحالی کے لیے ٹارگٹ کلنگز اور اسٹریٹ کرائم جیسے جرائم کے خاتمے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔