امین فہیم کی پرویز مشرف سے ملاقات ، خورشید شاہ اور راجہ پرویز اشر منانے کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے ،

امین فہیم کے تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کرائی،امین فہیم کا خاندان سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کرنے کاعندیہ

ہفتہ 20 دسمبر 2014 22:30

امین فہیم کی پرویز مشرف سے ملاقات ، خورشید شاہ اور راجہ پرویز اشر منانے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مخدوم امین فہیم کی سابق صدرجنرل(ر) پرویز مشرف سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی کے رہنمااور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف انہیں منانے کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے ۔مخدوم امین فہیم کے تحفظات دورکرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کے مطابق مخدوم امین فہیم نے خاندان سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کرنے کاعندیہ ظاہرکردیا۔انکے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ مخدوم امین فہیم نے ملاقات میں رہنماؤں کو آگاہ کیا کہ وہ پارٹی سے علیحدگی اختیار نہیں کررہے ہیں،سید خورشید شاہ اور اجہ پرویز اشرف نے مخدوم امین فہیم کو پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا اور ان سے درخواست کی کہ وہ دوبارہ پارٹی میں اپنا فعال کردار اداکریں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے مخدوم امین فہیم کی جنرل(ر) پرویز مشرف سے ملاقات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی رہنما ایک دوسرے سے ملاقات کرتے رہتے ہیں۔ بے نظیر بھٹو نے بھی پرویز مشرف سے دبئی میں دوبار ملاقات کی تھی۔انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم کسی سے چھپ کر نہیں ملے بلکہ ان کی ملاقات کا سب کوعلم ہے ۔

امین فہیم کی پارٹی سے کوئی ناراضگی نہیں ہماری ملاقات چار روز قبل طے ہوئی تھی جس کے مطابق مخدوم امین فہیم کی رہائش گاہ آئے ہیں۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لئے موجودہ نظام کی حمایت کی ۔ہم اس پر آج بھی قائم ہیں اس نظام کو بچانے کیلئے پہلے کی طرح جمہوری قوتوں کا ساتھ دیں گے ۔اس موقع پرسابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے پرویز مشرف سے اپنی ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت سے شب خون مارنے والے سے نہیں مل سکتا۔

میری ملاقات کی خبریں من گھڑت ہیں میں جنرل (ر) پرویز مشرف سے ملاقات کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے کہا کہ ان کے پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ،ذاتی زندگی میں باپ بیٹے کے درمیان اختلاف کے حوالے سے کچھی نہیں کہہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کی حمایت کرتے ہیں۔