پشاور واقعہ سے ہمارا امیج متاثر ہوا،ایسے واقعات کی روک تھام کرنا ہوگی،یوسف رضا گیلانی

دہشت گردی کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونا خوش آئند ہے، ہمیں مفاد سے بالاتر ہو کر بڑے فیصلے کرنا ہوں گے،دہشت گردی خلاف جنگ کسی اور کی نہیں ہماری اپنی جنگ ہے، سابق وزیر اعظم کی پشاور میں پریس کانفرنس

اتوار 21 دسمبر 2014 18:00

پشاور واقعہ سے ہمارا امیج متاثر ہوا،ایسے واقعات کی روک تھام کرنا ہوگی،یوسف ..

پشاور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ تارین ۔ 21 دسمبر 2014) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ دہشت گردی کے خلاف متحد ہو نے کا ہے ۔اس وقت دہشت گرد ی ملک میں سب سے بڑا چیلنج ہے ،یہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔اتوار کے روز یوسف رضا گیلانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن وامان نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں،تمام جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا خوش آئند ہے۔

ہمیں ایسے وقت مفاد سے بالاتر ہو کر بڑے فیصلے کرنا ہوں گے۔ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔آئی ڈی پیز بڑا مسئلہ ہے صرف ملٹری آپریشن تمام مسائل کا حل نہیں ہے بلکہ آئی ڈی پیز کی بحالی کے لئے بھی کام کیا جائے کیونکہ قبائل نے پاکستان کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔

(جاری ہے)

پشاور واقعہ میں بچوں نے قربانیاں دیں اور زخمی ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور ان بچوں کے حواصلے آج بھی دہشت گردی کے خلاف بلند ہیں۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں جن پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا آج اسی پالیسی پر سب اکٹھے ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ کسی اور کی نہیں ہماری اپنی جنگ ہے ۔ہم سب کو متحد ہوکر ملک سے دہشت گردی جیسی لعنت کو ختم کرنا ہوگا۔ سانحہ پشاور سے پوری دنیا میں ہمارا امیج متاثر ہوا ہے ہمیں ایسے واقعات کی روک تھام کرنا ہوگی۔افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے ۔دونوں ملکو ں کو دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک دوسرے تعاون کرنا ہوگا۔سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سانحہ پشاور میں جا ں بحق سکول کی پرنسپل کے گھر بھی گئے انہوں نے لواحقین سے تعزیت کی اور پرنسپل کے حوصلے کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :