کراچی : مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 2سگے بھائیوں سمیت6افراد کو قتل، ملیر کے علاقے کھوکھراپار نمبر ایک میں موٹر سائیکلوں پر سوار 6 نامعلوم افراد کی مٹھائی کی دکان پر فائرنگ ،دکان پر موجود توصیف اور تنویرنامی دو بھائیوں سمیت 3 افراد شدید زخمی،ملزمان موقع سے فرار

اتوار 21 دسمبر 2014 19:30

کراچی : مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 2سگے بھائیوں ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔21دسمبر۔2014ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 2سگے بھائیوں سمیت6افراد کو قتل کردیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ملیر کے علاقے کھوکھراپار نمبر ایک میں موٹر سائیکلوں پر سوار 6 نامعلوم افراد مٹھائی کی دکان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے، جس کے نتیجے میں دکان پر موجود توصیف اور تنویرنامی دو بھائیوں سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم توصیف اور تنویر راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ تیسرے زخمی کی حالت بھی تشویشناک ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی جگہ سے 9 ایم ایم پستول کی گولیوں کے 8 خول ملے ہیں، شواہد کی روشنی میں فائرنگ کا واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ نظر آتا ہے تاہم تفتیش کی تکمیل پر ہی واقعے کے محرکات کے بارے میں حتمی طور پر کچھ کہا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسی جانب یونیورسٹی روڈ پر کراچی یونیورسٹی کے قریب سے ایک لاش ملی ہے جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی ہے ۔موچکو تھانے کی حدود بلدیہ ٹاؤن رئیس گوٹھ سے 2افراد کی لاشیں ملی ہیں اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لیکر سول ہسپتال منتقل کردیا ہے۔پولیس کے مطابق مقتولین کو نامعلوم افراد نے اغواء کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر فائرنگ کرکے انہیں قتل کرنے کے بعد لاشیں مذکورہ مقام پر پھینک دی مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی۔

اسٹیل ٹاؤن کے علاقے ٹاؤن شپ کے قریب سے بھی ایک لاش ملی ہے جسے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے پولیس کے مطابق مقتول کو تشدد کا نشانہ بناکر قتل کیا گیا ہے مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔