ویمنز اوپن ایج گروپ سمر فٹ بال کیمپ کا آغاز کل سے ہوگا

پیر 22 دسمبر 2014 12:01

ویمنز اوپن ایج گروپ سمر فٹ بال کیمپ کا آغاز کل سے ہوگا

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء) دیا ویمنز فٹ بال کلب کے زیراہتمام ویمنز اوپن ایج گروپ سمر فٹ بال کیمپ کا آغازکل منگل سے محمد علی شاہ فٹ بال اسٹیڈیم پر ہوگا۔ ایک ہفتے جاری رہنے والے کیمپ میں پورے کراچی کی بچیوں کی دعوت دی گئی ہے۔ دیا ویمنز فٹ بال کلب کی چیئرپرسن صبا جمال کی خصوصی ہدایت پر کراچی کے ٹیلنٹ کو آگے بڑھانے کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

اوپن ایج گروپ کیمپ میں چار سال سے کسی بھی عمر کی کھلاڑی حصہ لے سکتیں ہیں۔

(جاری ہے)

ایک ہفتے بعد کیمپ سے منتخب ہونے والی بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب ہوگا اور دو ٹیمیں بنائیں جائیں گی جو مستقبل میں ہونے والے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ منتخب ہونے والی کھلاڑیوں کو تمام مراعات دی جائیں گی۔ کیمپ کے نگراں کوچز میں خالد نواز بی لائسنس، امتیاز بٹ سی لائسنس اور اسیہ تبسم ڈی لائسنس شامل ہیں۔ سعدیہ شیخ اور وائس چیئرمین رابعہ ظفر اسکروٹنی کمیٹی میں شامل ہیں جو تمام کھلاڑیوں کے کوائف جمع کرکے ان کی جانچ پڑتال کریں گی۔