قومی کرکٹرز کا تیسرا اور آخری فٹنس ٹیسٹ27 اور 28 دسمبر کو ہو گا

پیر 22 دسمبر 2014 12:02

قومی کرکٹرز کا تیسرا اور آخری فٹنس ٹیسٹ27 اور 28 دسمبر کو ہو گا

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء)رواں سال قومی کرکٹرز کا تیسرا اور آخری فٹنس ٹیسٹ27 اور 28 دسمبر کو ہو گا ۔ کھلاڑیوں نے لمبے سیزن کے بعد فٹنس ٹیسٹ پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سنٹرل کنٹریکٹ کے مطابق ہر چار ماہ کے بعد کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہوا ہے۔آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف طویل سیریز کے بعد بھی ٹیسٹ لینے پر کھلاڑی خوش نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اتنا لمبا سیزن کھیل کر کھلاڑی وطن واپس لوٹے ہیں پھر زیادہ تر کھلاڑی تھکاوٹ کا شکار ہیں ایسے میں فٹنس ٹیسٹ ان کیلئے مزید مشکلات پیدا کر سکتاہے ۔ فٹنس ٹیسٹ کی بنیاد پر پی سی بی کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ میں مراعات اور جرمانے کا فیصلہ کرتا ہے اس وقت کپتان مصباح الحق ، عمر گل، بلاول بھٹی ، محمد حفیظ ، صہیب مقصود ، جنید خان ، احسان عادل فٹنس مسائل کا شکار ہیں۔پی سی بی روٹین کے فٹنس ٹیسٹ سے ورلڈ کپ کے حتمی اسکواڈ کیلئے بھی کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنا چاہتا ہے۔