ماحولیاتی قوانین پر اطلاق کے جائز ے کے لئے خود بھی انسپکشن کروں گا، ڈاکٹر سکندر میندھرو

پیر 22 دسمبر 2014 16:15

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 دسمبر 2014ء)سندھ کے ماحولیات ‘ پارلیمانی امور اور ساحلی ترقی کے وزیر ڈاکٹر سکندر میندھرو نے ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحولیات کو ہدایات دی ہیں کہ سندھ اسمبلی کی جانب سے قدرتی ماحول کے تحفظ کے لئے بنائے جانے والے تازہ قوانین سندھ انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ 2014 سے صنعتی و کاروباری اداروں اور ان کی انجمنوں کو سرکلرکے ذریعے مناسب طریقے سے آگاہ کیا جائے اور ایسے تمام صنعتی و کاروباری و دیگر ادارے جو کسی بھی طور پر ایسے مواد کا اخراج کررہے ہیں جو ماحولیات کے لئے مضر ہیں ان کو بتایا جائے کہ ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لئے ان اداروں کو کس طرح کے اقدامات کرنے ہیں ۔

صوبائی وزیر نے اپنی ہدایات میں کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پید ا کرنے والے تمام اداروں کو ایک سوالنامہ بھی ارسال کیاجائے جس میں ان اداروں کو ماحولیاتی قوانین سے آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ آلودگی پیدا کرنے کے اسباب اور ان اسباب سے تحفظ کے طریقوں کو اختیار کرنے کی بابت آگاہ کیاجائے اور پوچھا جائے کہ تحفظ کے طریقوں کو اگر اختیار نہیں کیا گیا ہے تو آئندہ کتنے دنوں میں ان طریقوں پر عملدرآمد شروع کردیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ جاننے کے لئے کہ صنعتی و کاروباری ادارے کس حد تک ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کررہے ہیں وہ بذات خود بھی دورہ کرکے جائزہ لیں گے اور اس مقصد کے لئے ادارہ تحفظ ماحولیات کی انسپکشن ٹیمیں بھی جائزہ لیں اور رپورٹ پیش کریں ۔