بھارت ‘ تین دیہات سے پولیس نے ایک کروڑ 77 لاکھ سے زیادہ کی نقد رقم برآمد کرلی ‘گیارہ افراد گرفتار

منگل 23 دسمبر 2014 12:37

بھارت ‘ تین دیہات سے پولیس نے ایک کروڑ 77 لاکھ سے زیادہ کی نقد رقم برآمد ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر 2014ء) بھارت کی شمال مشرقی ریاست بہار کے جموئی ضلع کے تین دیہات سے پولیس نے ایک کروڑ 77 لاکھ سے زیادہ کی نقد رقم برآمد کی ہے۔پولیس کے مطابق یہ رقم زمین کے اندر دبا کر رکھی گئی تھی۔ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اوپیندر کمار سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ 20 ستمبر کو ایچ ڈی ایف سی بینک کا چار کروڑ روپے سے بھرا ایک کنٹینر گم ہو گیا تھا ایس پی نے بتایا کہ یہ کنٹینر مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں بینکوں کو خدمات مہیا کرانے والی ایک سکیورٹی ایجنسی کی کیش وین سے گم ہوا تھا۔

(جاری ہے)

برآمد کی جانے والی رقم اسی گم ہونے والی رقم کا حصہ ہے۔جانچ اور تفتیش کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ یہ کنٹینر کولکتہ کے ڈلہوزی علاقے کے آس پاس سکیورٹی ایجنسی کی کیش وین سے کہیں گر گیا تھا۔جانچ کے دوران پولیس کو یہ پتہ چلا کہ گم شدہ کنٹینر بہار کے چند مزدوروں کے ہاتھ لگا تھا جو وہیں فٹ پاتھ پر کام کیا کرتے تھے اور یہ مزدور بہار کے جموئی ضلع کے رہنے والے تھے۔اس کے بعد کولکتہ اور جموئی پولیس کے مشترکہ چھاپے کے دوران یہ رقم برآمد کی گئی۔جموئی پولیس اہلکار کے مطابق اس واقعے میں اب تک 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور مزید رقم کی بازیابی کی کوشش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :