پاکستانی عوام اتحاد ویکجہتی سے دہشت گردوں کو نیست ونابود کردیں گے‘سیٹھ محمد ارشد

بدھ 24 دسمبر 2014 12:47

کامونکے(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء) دہشتگرد اس دھرتی پر بوجھ ہیں‘پاکستان کے بہادر عوام اتحاد و یکجہتی کی طاقت سے انہیں نیست و نابو دکرکے رکھ دیں گے‘بیگناہوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے ہمارا حوصلہ پست نہیں کرسکتے‘ایسے ناپاک اور انسانیت سے گئے گزرے عناصر سے ان کے مکمل خاتمہ تک جنگ جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی چیمبر آف کامرس گوجرانوالہ سیٹھ محمد ارشد،سرپرست رائس ملز ایسوسی ایشن تحصیل کامونکے میاں اقبال عزیز،جنرل سیکرٹری چودھری محمد نعیم گل،صدر رحمانی برادری اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ میاں عبدالشکور ، سماجی رہنما محمد سعید اختر ڈار ،صدر پاکستان امن تحریک پنجاب محمد اکرم رضا اور چیئرمین کامونکے یونین آف جرنلسٹس رانامحمد ناصر نے اپنے بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت کر نا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قومی رہنماؤں نے جس تعاون اور اتحاد کا مظاہرہ کیاہے وہ ہر اعتبار سے قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم کی پہلی اور آخری ترجیح صرف دہشت گردی کاخاتمہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے تمام ادارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اب ٹھوس اور عملی اقدامات کا وقت آن پہنچا ہے ۔