پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والی تمام پروازوں کی بلنگ مکمل طور پر آٹومیشن سسٹم پر منتقل ہوگئی

فلائٹ انفارمیشن اینڈ ریونیو مینجمنٹ سسٹم اور ایئر وردینس مینجمنٹ سسٹم کاسافٹ ویئر ڈیزائن کرکے لانچ کرنا خود انحصاری کی اہم مثال ہے ،ایئر مارشل (ر)محمد یوسف

بدھ 24 دسمبر 2014 16:34

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 دسمبر 2014ء)سافٹ ویئرز کے اجراء کی تقریب سول ایو ی ایشن اتھارٹی کے ہیڈ کواٹر میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی ڈائر یکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی ایئر مارشل (ر)محمد یوسف تھے ۔اس موقع پر سی اے اے کے مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز اور اور جنرل مینجرز بھی موجود تھے ۔ سول ایو ی ایشن اتھارٹی کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے فلائٹ انفارمیشن اینڈ ریونیو مینجمنٹ سسٹم (FIRMS)کے نفاذ سے پاکستان کی فضائی حدود سے گذرنے والی تما م پروازوں کا ریکارڈ اور بلنگ مکمل طورپر آٹومیشن سسٹم پر منتقل ہوگئی ہے اور اس سسٹم کو ایئر ٹرانسپورٹ اینڈمینجمنٹ سسٹم سے بھی منسلک کردیا گیا ہے ۔

اس کے ساتھ ساتھ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایئر وردینس مینجمنٹ سسٹم (AMS) بھی ڈیزائن کیا گیاہے، اس سسٹم کے نفاذ سے ایئروردینس سرٹیفیکٹ، انسپکشن اور مانٹرئنگ آن لائن ہوجائے گی اور انجینئرز کسی بھی ایئر پورٹ سے ایئر وردینس مینجمنٹ سسٹم (AMS) کے ذریعے رپورٹس کی آن لائن انٹری بھی کرسکیں گے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائر یکٹر جنرل سول ایو ی ایشن اتھارٹی ایئر مارشل (ر) محمد یوسف کا کہنا تھا کہ آئی ٹی اور کمیونی کیشن کے شعبے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی دنیا کی بہترین ایوی ایشن اتھارٹیز کے ہم پلہ ہے اور ہم انٹرنیشنل ایوی ایشن اتھارٹی کے طے کردہ ضابطے اور معیار میں دنیا بھر میں کسی سے بھی پیچھے نہیں ہیں ۔

ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا تھاکہ سول ایوی ایشن کی اتھارٹی کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود سے گذرنے والی تمام پروازوں کی بلنگ مکمل طور پر آٹومیشن سسٹم پر منتقل کرنے کے لیے فلائٹ انفارمیشن اینڈ ریونیو مینجمنٹ سسٹم اور ایئر وریدنس کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے ایئر وردینس مینجمنٹ سسٹم کاسافٹ ویئر ڈیزائن کرکے لانچ کرنا خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہے اور یہ ثابت کرتا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین میں آگے بڑھنے کاجذبہ اور لگن موجود ہے اور یہ اپنے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے مقابلے میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔