کریک ڈاؤن کے دوران رنگدار شیشوں،بغیر نمبر پلیٹ اورغیر نمونہ نمبر پلیٹ 58651گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ‘طیب حفیظ چیمہ

بدھ 24 دسمبر 2014 19:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس نے امن وامان برقرار رکھنے اور قوانین کی پاسداری کیلئے رنگدار شیشوں ،بغیر رجسٹریشن ،بغیر نمبر پلیٹ اورغیر نمونہ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر رکھا ہے۔گذشتہ ماہ سے شروع کی گئی اس خصوصی مہم کی نگرانی تین ایس پیز کر رہے ہیں اور ابتک58651گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے جن میں29867رنگدار شیشوں والی گاڑیوں،10127بغیر رجسٹریشن ،18657بغیر نمبرپلیٹ والی گاڑیاں شامل ہیں۔

رنگدار شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کا رروائی کیلئے اضافی 50سے زائد لیڈی ٹریفک وارڈنز بھی ڈیوٹی کر رہی ہیں۔سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں انکے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

وارڈنز ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشکوک افراد اور گاڑیوں پر بھی کڑی نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے حوالے سے خصوصی طور پر شروع کےئے گئے کریک ڈاؤن کے دوران29867رنگدار شیشوں والی گاڑیوں ،10127بغیر رجسٹریشن اور،18657بغیر نمبرپلیٹ گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

سی ٹی او نے کہا کہ گذشتہ روز ایس پی سٹی نے ریگل چوک ،فیصل چوک ،ایس پی صدر نے ڈیفنس کے علاقے میں غازی چوک ،فوارہ چوک جبکہ ایس پی ہیڈ کواٹرز نے ٹھوکر نیاز بیگ اور پل نہر جیل روڈ پر خصوصی ناکے لگا کر کالے شیشوں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی مرتکب گاڑیوں کے خلاف کا رروائی کی ۔طیب حفیظ چیمہ نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ پٹرولنگ کے عمل کو مزید بہتر بنائیں ۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی بارے انسدادی کارروائی کی رپورٹ دفتر ارسال کریں۔سی ٹی او نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ مشکوک گاڑیوں اور مشکوک افراد پر بھی کڑی نظر رکھیں۔