بنوں،سانحہ پشاور کے شہداء اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف مزدور یونین، تاجر برادری اور ٹرانسپورٹ یونینوں کی ریلی

بدھ 24 دسمبر 2014 20:40

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) سانحہ پشاور کے شہداء اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے چیف وارڈن سول ڈیفنس نعمت علی ایڈوکیٹ کی قیادت میں ضلع بنوں کے مختلف مزدوریونین،تاجر برادری اور ٹرانسپورٹ یونینوں نے ریلی نکالی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں دیو قامت پوسٹرز اور پینا فلیکس اٹھارکھے تھے جن پر شہداء اور پاک فوج کے حق میں جبکہ دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے ریلی سینکڑوں رہنماؤں کے علاوہ سکولوں کے بچوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ریلی مختلف بازاروں سے ہوتی ہوئی پریس کلب بنوں پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف وارڈن سول ڈیفنس نعمت علی ایڈوکیٹ،مرکزی انجمن تاجران کے صدر ملک سلیم الرحمن،ہیوی ٹرانسپورٹ یونین کے صدر ملک نیک دراز خان منڈان،عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے بانی امیر حافظ مولانا عبدالستار شاہ بخاری،چیمبر آف کامرس کے صدر شاہ وزیر خان،انجمن تاجران شاپ کیپر یونین نیو جنرل بس سٹینڈ کے صدر حاجی گل پیر،انجمن تاجران کے ضلعی جنرل سیکرٹری غلام قیباز خان،،آل بنوں ڈسٹرکٹ مزدور یونین کے صدر حاجی محمد اسماعیل خان اور دیگر رہنماؤں نے سانحہ پشاور کو دنیا کی تاریخ کا ظلم عظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قبروں پہ پھول چڑھائے ہیں آج تاریخ میں پہلی مرتبہ پھولوں کو قبروں میں دفن کیا ہے دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور میں خون کی ہولی کھیل کر ہر آنکھ کو آشکبار اور ہر دل کو چھلنی کردیا ہے جسکی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ جن لوگوں کو پھانسی کی سزائیں ہوئی ہیں انہیں بلاتاخیر پھانسی پر چڑھادیں اور نہ صرف پھانسی دیں بلکہ بیچ چوراہوں اور چوکوں پر عوام کے سامنے لٹکایاجائے تاکہ عوام کے دلوں سے ان کے خوف کو ختم کیا جاسکے کیونکہ جو جہاد پر یقین نہیں رکھتا اس کا ایمان نامکمل ہے لیکن یہ کیسا جہاد ہے کہ بچوں،اساتذہ اور خواتین کو گولیاں ماری جائیں اسلام کفر کے خلاف جنگ میں بھی دشمن کے بچوں اور خواتین کو مارنے کی اجازت نہیں دیتا ،دہشت گردوں نے پشاور میں وہ ظلم کیا جو کہ اسرائیل نے فلسطین میں بھی نہیں کیا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کمیٹیاں بنانے میں اپنا وقت ضائع نہ کریں اور دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ کریں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہیں کیونکہ اس تاریخی ظلم نے تمام سیاسی جماعتوں اور قوم کا ایک کردیا ہے مرنا تو ایک دن ویسے ہی ہے لیکن بزدلی کی موت مرنے سے بہتر ہیں کہ ہم متحد ہوکر بہادری کی موت مریں اور شہید کہلائیں،اس موقع پرچیف وارڈن سول ڈیفنس نعمت علی ایڈوکیٹ نے بنوں میں تجاوزات کے خلاف جاری مہم کے دوران تاجروں کے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تاجروں کے ساتھ مذاکرات کریں اسکے بعد جو ناجائز تجاوزات ہیں اسے مسمار کریں انہوں نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار تاجر برادری اور ٹرانسپورٹ تنظیموں کے رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف تین ایم پی او کے تحت درج مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تین ایم پی او کے تحت مقدمات تو نمبر دس اور بد معاشوں کے خلاف درج کرائے جاتے ہیں تاجروں اور ٹرانسپورٹروں نے اگر غلط راستہ اپنایا تھا تو ضلعی انتظامیہ دیگر تنظیموں اور بنوں کے قومی جرگہ کے مشران کو اعتماد میں لیکر مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرتی تو نوبت یہاں تک نہ پہنچتی ملک سلیم الرحمن اور شاہ وزیر نے بھی کہا کہ ہم اس سلسلے میں ثالثی کیلئے بھی تیار ہیں اور پر امن احتجاج ہر کسی کا آئینی حق ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے بانی امیر حافظ مولانا عبدالستار شاہ بخاری اور ریلی کے شرکاء نے شہداء کیلئے ختم قرآن کے بعد شہداء کی مغفرت اور زخمیوں کی صحتیہابی کیلئے اجتماعی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :