ماں بننے والی نوعمر لڑکی نے گھبراہٹ میں انتہائی قدم اٹھادیا

جمعرات 25 دسمبر 2014 12:20

ماں بننے والی نوعمر لڑکی نے گھبراہٹ میں انتہائی قدم اٹھادیا

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر 2014ء) اولاد قدرت کی عظیم ترین نعمت ہے اور جو اس سے محروم ہوتے ہیں وہ اس کیلئے بے قرار رہتے ہیں لیکن کچھ بدقسمت ایسے بھی ہوتے ہیں کہ جو اپنے گناہ چھپانے کیلئے نومولود کو مرنے کیلئے پھینک دیتے ہیں۔ چینی شہر شینیانگ میں ایک نوجوان لڑکی اوراس کے بوائے فرینڈ نے بھی اپنے خاندانوں سے چھپ کر تعلقات استوار کئے جس کے نتیجہ میں لڑکی حاملہ ہوگئی۔

ان دونوں نے اس معاملے کو خفیہ رکھنے کیلئے کرائے کے فلیٹ میں رہائش اختیار کرلی جہاں لڑکی نے واش روم میں ایک ننھے بچے کو جنم دیا۔ بچے کی پیدائش پر دونوں سخت گھبرا گئے اور اسے ٹوائلٹ میں پھینک کرفرار ہونا چاہ رہے تھے کہ لڑکی فرار کے دوران بے ہوش ہوگئی جبکہ لڑکا فرار ہوگیا۔ ہمسایوں نے واش روم سے لڑکی کی چیخوں اور بعد میں بچے کے رونے کی آوازین سن کر پولیس کو بلوالیا۔

(جاری ہے)

پولیس جب واش روم میں پہنچی تو ننھا بچہ سردی سے ٹھٹھررہا تھا اور اس کا جسم نیلا پڑ چکا تھا۔ ایک پولیس والے نے اسے فوری طور پر باہر نکال کر گرم کپڑے میں لپیٹا اور اسے ہسپتال پہنچایا گیا۔ تقریباً نصف گھنٹے بعد ہی ماں کو بھی بے ہوش حالت میں ڈھونڈ لیا گیا اور اسے بھی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ اس کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے والدین سے گناہ چھانے کیلئے یہ شرمناک حرکت کی۔