ٹرین کے کرایوں میں اضافہ نہیں بلکہ سیاسی بنیادوں پر دئیے گئے ٹرینوں کے سٹاپ ختم کررہے‘ خواجہ سعد رفیق

جمعرات 25 دسمبر 2014 16:12

ٹرین کے کرایوں میں اضافہ نہیں بلکہ سیاسی بنیادوں پر دئیے گئے ٹرینوں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ٹرین کے کرایوں میں اضافہ نہیں بلکہ سیاسی بنیادوں پر دئیے گئے ٹرینوں کے سٹاپ ختم کررہے‘ پاکستان ریلوے میں 91 نئی کوچز لارہے ہیں جس سے ایک ارب سالانہ منافع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ہزارہ ایکسپریس کی بوگیوں کی تزئین و آرائش کا جائزہ لیا اور نئی بوگیوں کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے مسافروں کی سہولت کیلئے ٹرینوں کی حالت بہتر کررہا ہے اور ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جارہا بلکہ ریلوے کی آمدنی بڑھانے پر غور کررہے ہیں اور اب ٹرینوں کے سٹاپ کم سے کم اور سپیڈ بڑھائیں گے کیونکہ ایک ایک ٹرین کے 53 سٹاپ ہیں اور سیاسی بنیادوں پر دئیے گئے ٹرینوں کے سٹاپ ختم کردئیے جائیں گے۔ سعد رفیق نے کہا کہ ہم 91 نئی کوچز لارہے ہیں جس سے ایک ارب روپے کا سالانہ منافع ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نئے لوکوموٹوز آنے میں کم ا زکم تین سے چار سال لگ جائیں گے۔