دہشتگردی کے معاملے میں سیاسی جماعتیں اور ملک کے 18کروڑ عوام متحد و منظم ہوچکے ہیں‘شیخ عبداللہ خورشید

جمعہ 26 دسمبر 2014 14:22

اسلام گڑھ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء)پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے رہنماء شیخ عبداللہ خورشید نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاق رائے نہیں ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ دہشت گردی کے معاملے میں سیاسی جماعتیں اور ملک کے 18کروڑ عوام متحد و منظم ہوچکے ہیں۔ عوام نے تہیہ کرلیا ہے کہ ملک بھر سے جب تک دہشت گردی کے اڈے اور کمین گاہیں نیست و نابود نہیں ہوجاتیں اس وقت تک پاکستان کے عوام چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ہر طرح کی سیاست کو پس پشت ڈال کر ریاست کو بچانے کے ایک نکاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جس میں کوئی بھی اپنا طرز زندگی اور نظام جبر کے ذریعے مسلط نہیں کرسکتا۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتیں مصلحت کو بالائے طاق رکھ کر شدت پسندوں کی بلیک میلنگ سے باہر نکلیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ملک کا سب سے بڑا اور سنگین مسئلہ بن چکا ہے جس کے حل کے لیے حکومت ، فوج اور عوام کو اکٹھا ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی ورنہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے پشاورسکول میں دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے اور اس جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے بلاتنخواہ سپاہی ہیں اور ملکی سلامتی ، تحفظ اور دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد غیر ملکی ایجنٹ ہیں وہ پاکستان کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ دہشت گردوں کے ہمدرد اور خیر خواہ بھی ملک دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا آغاز کیا جائے کیونکہ انہوں نے ملک کو کھوکھلا کردیا ہے۔