کامران اکمل کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن

جمعہ 26 دسمبر 2014 15:53

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 دسمبر 2014ء ) وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے۔ دورہ نیوزی لینڈ اور ورلڈ کپ میں تجربہ کار وکٹ کیپر قومی سکواڈ کا حصہ ہوسکتے ہیں،کامران کو ناصر جمشید یا عمر اکمل کی جگہ ٹیم میں شامل کیاجاسکتا ہے، ورلڈ کپ کیلئے حتمی سکواڈ کا اعلان 7جنوری کو کیا جائیگا ۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کی قسمت ایک بار پھر ان پر مہربان ہوتی نظر آرہی ہے۔

اس سال ڈومیسٹک سیزن میں ان کے بلہ بھی خوب بول رہا ہے۔ اب تک نو سو سے زائد رنز اور وکٹ کے پیچھے سینتالیس شکار نے انہیں ڈومیسٹک کے بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی شامل کر لیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ہوم سیریز میں تیسرے اوپنر ناصر جمشید خاص جادو نہیں دکھا سکے۔

(جاری ہے)

اب نیوزی لینڈ کے خلاف دو ون ڈے میچز اور ورلڈ کپ کے لئے ٹیم مینجمنٹ دو وکٹ کیپر سکواڈ میں شامل کرنے کی خواہ ہے اور کا مران اکمل کے شامل ہونے سے یہ کمی پوری کی جا سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی عمر اکمل کی کارکردگی سے خوش نہیں اور کامران اکمل کے شامل کرنے پر عمر اکمل ڈراپ بھی کیا جا سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز میگا ایونٹ میں کسی نوجوان وکٹ کیپر یا اوپنر پر بھروسہ کرنے کو تیار نہیں اس لیے کامران اکمل کی قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہوچکے ہیں۔