شہید بینظیر بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

ہفتہ 27 دسمبر 2014 16:23

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 دسمبر 2014ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی ساتویں برسی کے موقع پر آج بھی بی بی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں کیونکہ شہید کبھی بھی مرتا نہیں ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف سب سے پہلے انھوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

اسی طرح محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ملک میں جمہوریت اور کشمیر یوں کے حق خود ارادیت کے لئے ہمیشہ آوازبلند کی اور انھوں نے او آئی سی میں کشمیر کونٹیکٹ گروپ بنوایا اور ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے پاکستان کومزائل ٹیکنالوجی دی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں میرپور میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی ساتویں برسی کے موقع پر ایک دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب سے سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری حمید پوٹھی، سابق چئیرمین ایم ڈی اے چوہدری محمد صدیق، سابق ایڈمنسٹریٹر ضلع میرپور چوہدری ایوب، سابق ایڈمنسٹریٹر بلدیہ میرپور چوہدری محمد منشاء، سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر میرپور چوہدری امجد محمود، چوہدری سردار، حاجی جاوید،میڈیا ایڈوائزر چوہدری نصیر احمد اور دیگر قائدین و کارکنان بھی موجود تھے۔

اس موقع پربیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ ملک کو آج جن اندرونی بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے اگرشہید محترمہ بے نظیر بھٹو زندہ ہوتیں تو وہ ان حالات میں ملک کو بہتر انداز میں ان مشکلات سے نکال سکتی تھیں۔ بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آ ج ہم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی اس تجدید عہد کے ساتھ منا رہے ہیں کہ محترمہ بے نظیر بھٹوشہید اور شہید بابا ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو پورا کیا جائے گا اور ملک سے غربت اور مظلومیت کا خاتمہ کرکے ایک مضبوط پاکستان اور کشمیر کی آزادی کیلئے کام کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ جہاں بینظیر بھٹو شہید نے ملک کے استحکام کیلئے کام کیا وہاں پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھی اپنی بھرپور جدوجہد کی۔

متعلقہ عنوان :