عوام سے خیانت کرنے والے کسی صورت رعایت کے مستحق نہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،

عوامی دولت لوٹنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

ہفتہ 27 دسمبر 2014 23:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کی امانت میں خیانت کرنے والے کسی بھی صورت رعایت کے مستحق نہیں، عوامی دولت لوٹنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کے چیئرمین کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال، وزیر اعلیٰ کے کوآرڈینیٹر جمال شاہ کاکڑ اور معائنہ ٹیم کے تمام ممبران بھی بریفنگ میں موجود تھے، وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کے سربراہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران صوبے کے مختلف محکموں میں مالی بدعنوانی، بے قاعدگیوں اور قواعد و ضوابط کی سنگین خلاف ورزیوں کے 105کیسز پر تحقیقات اور ان سے متعلق اسکیموں کے معائنہ مکمل کئے جا چکے ہیں، جبکہ 30کیسز پر تحقیقات جاری ہیں، چیئرمین نے بتایا کہ معائنہ ٹیم کی رپورت پر 8کیسز کے مقدمات انٹی کرپشن میں درج کرائے گئے ہیں وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کے سربراہ نے بتایا کہ 2008سے 2013کے پانچ سال کے عرصے میں وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم نے صرف 59 انکوائریاں اور معائنہ کئے، جبکہ گذشتہ ایک سال کے دوران ٹیم کی استعداد کار اور صلاحیت کار میں اضافہ کیا گیا ہے اور کرپشن کی شکایت پر ٹیم کے اراکین ان منصوبوں کا باقاعدہ عملی معائنہ کر کے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کی دولت لوٹنے والے کسی بھی صورت رعایت کے مستحق نہیں، ایسے کرپٹ عناصر کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت قانونی کاروائی ہوگی کیونکہ احتساب کے موثر نظام کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا اور نہ ہی خوشحالی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں، انہوں نے معائنہ ٹیم کی کارکردگی اور کرپشن کے خلاف اقدامات، منصوبوں کے عملی معائنہ اور تحقیقات کے لیے کی گئی کوششوں کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کرپشن کے خاتمہ کے لیے کاوشیں صوبے کے عوام کی سب سے بڑی خدمت ہوگی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تحقیقات کے سلسلے میں اگر کوئی بھی افسر ریکارڈ حوالے نہیں کریگا یا عدم تعاون کا مرتکب ہو تو اس کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے۔