وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس،امن عامہ کی صورتحال اورسکیورٹی انتظامات کا جائزہ،

عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ،اس مقصد کے لئے ہر ممکن اقدامات کیے گئے ہیں ، سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سکیورٹی کے وضع کردہ پلان پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے ‘ وزیراعلیٰ کی ہدایت

ہفتہ 27 دسمبر 2014 23:22

وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر صدارت اجلاس،امن عامہ کی صورتحال اورسکیورٹی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔جس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال اورسکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں امن عامہ کی صورتحال اورسکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اوراس مقصد کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ موجودہ صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے ادارے تندہی اورجانفشانی سے فرائض سرانجام دیں۔سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سکیورٹی کے وضع کردہ پلان پر عملدر آمد یقینی بنایا جائے ۔اشتعال انگیز لٹریچر اور موادپھیلانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدر آمد کے حوالے سے موثر مانیٹرنگ کانظام ہونا چاہیے۔

اس مقصدکیلئے جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے ۔متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں ۔ صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان،رانا مشہود احمد ،ایم این اے حمزہ شہبازشریف،ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری،ایم پی اے رانا ثناء اللہ ،معاون خصوصی رانا مقبول،آئی جی پولیس،سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔