کوئٹہ، سری نالہ گوٹھ مندرا میں ایف سی کے قافلے پرکالعدم تنظیم کے شدت پسندوں کا حملہ،ایک ایف سی اہلکار شہید،2زخمی،

ایف سی کی بروقت جوابی کارروائی میں سبزل کیمپ سے تعلق رکھنے والے 8فراری کمانڈر ہلاک، 11زخمی ہوگئے، ترجمان ایف سی ، شدت پسند بزدلانہ حملے کرکے ایف سی کے مورال کوپست نہیں کرسکتے ،صوبے میں قیام امن کیلئے کوشاں ہیں، میجرجنرل محمد اعجازشاہد ، کسی کو علاقے میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی،ہر حال میں امن قائم کیاجائیگا،آئی جی ایف سی

ہفتہ 27 دسمبر 2014 23:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) سوئی کے علاقے سری نالہ گوٹھ مندرامیں ایف سی کے قافلے پرکالعدم تنظیم کے شدت پسندوں کے حملے کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہوگئے، ایف سی کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں سبزل کیمپ سے تعلق رکھنے والے 8فراری کمانڈرزہلاک جبکہ 11زخمی ہوگئے ۔ ۔ ترجمان ایف سی کے مطابق سوئی کے علاقے سری نالہ گوٹھ مندرامیں ایف سی کا قافلہ معمول کے مطابق اپنے گشت پرتھا کہ اچانک سبزل کیمپ سے تعلق رکھنے والے کالعدم تنظیم کے فراری جو پہلے سے ہی گھات لگائے بیٹھے تھے نے ایف سی کے قافلے کو دیکھتے ہی ان پر اندھا دھندفائرنگ شروع کردی اور راکٹ داغے ، جس کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے، زخمی ایف سی اہلکاروں کوطبی امداددینے کیلئے سوئی ہسپتال منتقل کردیاگیا،تاہم فرنٹیرکورکے اہلکاروں نے بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے سبزل کیمپ سے تعلق رکھنے والے 8شدت پسندوں کو ہلاک اور11کوزخمی کردیا۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونیوالوں میں شاہ حق حبیبانی،مومل ہوتکانی،دلاورحبیبانی، سولی ہوتکانی،توکلی مندرانی، طوطاہجوانی اورشف جوئز شامل ہیں۔واضح رہے کہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے مذکورہ فراری عرصہ دراز سے سیکیورٹی فورسزپر حملے،گیس پائپ لائن و ریلوے ٹریک اڑانے ،اغواء برائے تاوان،معصوم اور بیگناہ شہریوں کے قتل عام کرنے اورسرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھے۔

آئی جی ایف سی میجرجنرل محمد اعجازشاہد نے ایف سی کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا شدت پسندچھپ کر بزدلانہ حملے کرکے ایف سی کے مورال کوپست نہیں کرسکتے ۔ایف سی صوبے بھر میں امن وامان کے قیام کیلئے کوشاں ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی کو علاقے میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ہر حال میں صوبے میں امن قائم کیاجائے گا۔