ایس ایچ او کی پٹائی کرنے پر 20 باراتی گرفتار

پیر 29 دسمبر 2014 12:30

ایس ایچ او کی پٹائی کرنے پر 20 باراتی گرفتار

گجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) پولیس نے سٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) اور ان کے عملہ کی پٹائی کرنے والے 20 باراتیوں کو گرفتار کر لیا۔ ایمن آباد پولیس نے اتوار کو بتایا کہ انہیں شکایت ملی تھی کہ ایک شادی کی تقریب میں شامل کچھ باراتی شراب پینے کے بعد غل پاڑہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس پر متعلقہ ایس ایچ او انسپکٹر قیصر عباسی پولیس پارٹی کے ہمراہ جائے موقع پر پہنچے اور نشے میں دھت باراتیوں کی سرزنش کی۔

باراتی پولیس کی سننے کے موڈ میں نہیں تھے بلکہ وہ اس 'مداخلت' پر غصہ میں آ گئے۔ تلخ جملوں کے تبادلہ کے بعد مدہوش باراتیوں نے ایس ایچ او اور دوسرے اہلکاروں کی لاٹھیوں اور لاتوں سے پٹائی کر دی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر صدر کے ایس پی سید خان حسین پولیس نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے اور دولہے کے والد نذرسمیت 20 باراتیوں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔