بجلی قیمتوں میں کمی کی بجائے اضافہ تشویشناک ہے،سید بلال مصطفی شیرازی

پیر 29 دسمبر 2014 19:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29دسمبر 2014ء) آئی ایم ایف کے دباؤ پر بجلی60پیسے فی یونٹ مہنگی کرنا عوامی مفاد کے خلاف ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کیا کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باعث بجلی قیمتوں میں کمی صرف نومبر کیلئے اور اضافہ مستقبل بنیادوں پر کرنا تشویشناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد پاکستان میں یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات میں مزید کمی کی نوید دی جارہی ہے اس لیے بجلی قیمتوں میں اضافہ کی بجائے مزید کمی متوقع تھی لیکن حکومت نے قرضوں کے حصول کے لیے آئی ایم ایف سے معاہدے کے تحت عوام پر بجلی بم گرادیا ۔

(جاری ہے)

اور یکم جنوری سے سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے سید بلال شیرازی نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضوں کے حصول کے لیئے بجلی مہنگی کرکے عوام کو قربان نہ کیا جائے ۔

مہنگی بجلی، بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا ہے،مہنگی بجلی کے باعث بجلی بلوں کی ادائیگی سفید پوش اور غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے تکلیف بھی نہ دے۔اور فوری طور پر بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور گیس مہنگی کرنے کے اقدام سے باز رہے ۔اگر عوام احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے تو پھر حکومت کی رخصتی پر ہی واپس جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :