Live Updates

معظم بٹ کی پرویز خٹک سے ملاقات ، مسلم لیگ (قیوم) کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کا اعلان

منگل 30 دسمبر 2014 20:39

معظم بٹ کی پرویز خٹک سے ملاقات ، مسلم لیگ (قیوم) کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30دسمبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ(قیوم) کے مرکزی صدر معظم بٹ ایڈوکیٹ نے اپنی پارٹی کو فوری طور پر تحلیل کرکے اسے پاکستان تحریک انصاف میں ضم کرنے اور تمام سطحوں پر جملہ قیادت، کارکنوں اور حامیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ہے انہوں نے یہ اعلان منگل کو خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کے دوران کیااس موقع پر پارٹی عہدے داروں کے علاوہ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی اورچیئرمین قائمہ کمیٹی برائے امور داخلہ زاہد درانی بھی موجود تھے معظم بٹ نے بتایا کہ انکی پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے فیصلے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (قیوم) کو تحلیل کرکے تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا جا رہا ہے مجلس عاملہ نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ ملک کو در پیش موجودہ نازک حالات اور چیلنجوں نیز نام نہاد بڑی اور قومی سیاسی جماعتوں میں موروثیت ،کرپشن اور اقرباء پروری کی بڑھتی ہوئی وباء نے ملک کو اندرونی اور بیرونی طور پر کمزور بنا دیا ہے ملک میں دہشت گردی ، بدامنی اوردیگر بحران سر اٹھانے کے باجود ہمارے حکمران اور سیاستدان جاگنے کی بجائے خواب غفلت میں مبتلا ہیں تاہم ان سنگین حالات میں صرف عمران خان اور انکی جماعت قوم کیلئے امید کی کرن بن کر ابھری ہے جس نے شروع دن سے کرپشن کی بیخ کنی اور انصاف، میرٹ اور قانون کی بالا دستی کیلئے جدوجہد شروع کی ہے جس معاشرے میں اس طرح کی شفافیت پیدا ہوگی تو وہاں دہشت گردی ، بدامنی، غربت اور بے روزگاری کے تمام اژدھا اور بلائیں اپنی موت آپ مر جاتی ہیں اسلئے ان حالات کے پیش نظروہ بحیثیت مرکزی صدر باہمی مشاورتی فیصلے کے تحت مسلم لیگ(قیوم) کو تحلیل کرکے اسے پاکستان تحریک انصاف میں ضم کرنے کا اعلان کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ آج ہمیں انتہائی نڈر اور باکردار لیڈر اور قومی مزاج کی حقیقی ترجمانی کرنے والی ملک گیر سیاسی جماعت کی ضرورت ہے اور یہ اعزاز پاکستان تحریک انصاف کو حاصل ہے وقت آگیا ہے کہ قومی درد رکھنے والی دیگر سیاسی جماعتیں بھی اس طرح کے جرات مندانہ فیصلے کریں اورپی ٹی آئی کو ملک گیر بڑی اور مضبوط جماعت بنا کر پاکستان کے تابناک مستقبل کو یقینی بنائیں معظم بٹ نے بتایا کہ وہ اس بارے میں ایک پریس کانفرنس بھی بلا رہے ہیں جس میں تمام تفصیلات اور حقائق میڈیا کی وساطت سے قوم کے سامنے رکھیں گے انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کومثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرنگی دور سے مروجہ عوامی استحصال پر مبنی فرسودہ نظام کی تبدیلی اور کرپشن کا خاتمہ کرکے محکموں کو عوام کی خدمت کا تابع بنا نا موجودہ حالات میں مشکل ترین کام ہے مگر یہ کارنامہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت نے پوری کامیابی سے انجام دیا ہے اور اسکا کریڈٹ صوبے کے فعال وزیراعلیٰ پرویزخٹک کو جاتا ہے جس نے نہ صرف صوبے کی زنگ آلود سرکاری مشینری کو کرپشن سمیت تمام بیماریوں سے پاک اور شفافیت پیدا کرنے کا بیڑااٹھا لیا ہے بلکہ اپنے قول و فعل میں یکسانیت اور تضادات سے مبرا ہونے کی وجہ سے صوبے کے ہر دلعزیز حکمران بن گئے ہیں معظم بٹ نے تبدیلی کے مشن میں پرویز خٹک کی زیر قیادت صوبائی حکومت کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا اور واضح کیا کہ تبدیلی کے اس عظیم جہاد میں وہ پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کے ساتھ مل کر ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے وزیراعلیٰ نے مسلم لیگ(قیوم) کی قیادت کے مدبرانہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن مافیا اور سٹیٹس کو پارٹیوں کا مقابلہ ایک متحدہ اور مضبوط بڑی پارٹی کے پلیٹ فارم سے ممکن ہے اور پی ٹی آئی کو اپنے اخلاص کی بدولت ہر محاذ پر کامیابیاں مل رہی ہیں انہوں نے پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت کا یہ عزم دہرایا کہ صوبے سے کرپشن کی لعنت کا مکمل خاتمہ کیا جائے گااور حکومت و معاشرت میں قانون ، میرٹ اور انصاف کی بالا دستی یقینی بنائی جائے گی ہمارے اب تک کے اقدامات اسکا منہ بولتا ثبوت ہیں اور ہم آئندہ بھی اپنے قول و فعل کی یکسانیت کے ذریعے عوام کو حقیقی قیادت کا احساس دلائیں گے اور قومی اداروں پر انکا اعتماد بحال کرینگے انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں ریکارڈ اور مثالی قانون سازی کا مقصد نظام کی تبدیلی اور محکموں میں اصلاحات کو مستقل بنیادوں پرجاری رکھنا ہے تا کہ یہ وقتی اور عارضی ثابت نہ ہوں اور شفاف پالیسیوں کا تسلسل برقرار رہے انہوں نے کہا کہ کرپشن کیلئے صوبے میں زیرو ٹالرنس ہے جبکہ تعمیر و ترقی کے عمل میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا پشاور سمیت پورے صوبے میں ترقی کا متوازن عمل شروع کیا گیا ہے اور ڈویژنل و ضلعی صدر مقامات میں صحت و صفائی اور خوبصورتی کے علاوہ سکول و ہسپتال سمیت تمام اداروں کو مستحکم بنایا جا رہا ہے تاکہ تعلیم اور علاج کی سہولیات کے علاوہ کسی بھی شعبے میں عوام کو دور دراز علاقوں سے سفر کرکے پشاور پہنچنے اور اپنی استطاعت سے زیادہ پیسے اور وقت خرچ کرکے ان سہولیات سے استفادے کی ضرورت ہی نہ پڑے بلکہ سب کچھ انہیں مقامی طور پر میسر ہو انہوں نے کہا کہ ہمارا بلدیاتی نظام عوامی امنگوں کا آئینہ دار ثابت ہوگا اور ہم نے پارٹی کی مقامی تنظیموں کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کی کال بھی دے دی ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات