Live Updates

کراچی،تحریک انصاف کے کارکن نظیر اللہ کے ورثاء نے بغیر پوسٹ مارٹم کے تدفین سے انکار کردیا، حکومت لواحقین کو انصاف فراہم نہیں کرے گی تو ہم ایکبار پھر لاش کے ہمراہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دینگے ،سبحان علی ساحل

بدھ 31 دسمبر 2014 19:27

کراچی،تحریک انصاف کے کارکن نظیر اللہ کے ورثاء نے بغیر پوسٹ مارٹم کے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31دسمبر۔2014ء) ڈسٹرکٹ ویسٹ پیر آباد پولیس کی حراست میں ہلاک ہونے والے تحریک انصاف کے کارکن نظیر اللہ کے ورثاء نے بغیر پوسٹ مارٹم کے تدفین سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ اگر حکومت لواحقین کو انصاف فراہم نہیں کرے گی تو ہم ایکبار پھر لاش کے ہمراہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دینگے ۔ واضح رہے کہ نظیر اللہ کی لاش 2دن سے جناح اسپتال کے سرد خانے میں ہے اور پولیس پوسٹ مارٹم کرانے سے مسلسل انکار کررہی ہے جس کی وجہ سے ورثاء اور پارٹی رہنما سخت اشتعال میں ہیں ۔

اس سلسلے میں تحریک انصاف کے رہنماؤں سبحان علی ساحل، راجہ اظہر ا ور سرور راجپوت نے آج ایس ایس پی ویسٹ سے ملاقات کی اور پیر آباد پولیس کے ہاتھوں نظیر اللہ کی ہلاکت پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور انہیں بتایا کہ پولیس پوسٹ مارٹم نہ کر کے اس واقعہ کو مشکوک اور پیچیدہ بنا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی عدالت سے بھی رجوع کیا گیا ہے جس پر عدالت نے جمعرات کی صبح 10بجے پولیس کو عدالت میں طلب کیا ہے ۔

پارٹی رہنماؤں کو پولیس نے پوسٹ مارٹم کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم نہ ہونے کی صورت میں سی ایم ہاؤس کے سامنے دھرنا اور احتجاج کرینگے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف سندھ کے صدر سردار نادر اکمل خان لغاری نے پولیس گردی کے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے محافظ جب عوام کے قاتل بن جائیں تو یہ عمل حکومتی رٹ کے ختم ہونے کی نشانی ہے اور معصوم شہریوں کے قتل پر حکومت کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم نہ ہونے کا مطلب پولیس اس واقعہ میں براہ راست ملوث ہے جو اپنا جرم چھپانے کی کوشش کررہی ہے ، حکومت نظیر اللہ کے قتل کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کرے بصورت دیگر ورثاء سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات