خصوصی عدالتوں میں اپنے ٹرائل کے خدشے سے ڈرنا ہے نہ ہی اپنی ذات کے بارے میں سوچنا ہے ،وزیر اعظم نواز شریف ،دھرتی سے آخری دہشتگرد کا خاتمہ کرینگے ، لوگوں کا ملک میں جتھا بناکر گھومنا ہمیں منظور نہیں ، سینٹ میں اظہار خیال

بدھ 31 دسمبر 2014 20:37

خصوصی عدالتوں میں اپنے ٹرائل کے خدشے سے ڈرنا ہے نہ ہی اپنی ذات کے بارے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31دسمبر۔2014ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ خصوصی عدالتوں میں اپنے ٹرائل کے خدشے سے ڈرنا ہے نہ ہی اپنی ذات کے بارے میں سوچنا ہے ،دھرتی سے آخری دہشتگرد کا خاتمہ کرینگے ، لوگوں کا ملک میں جتھا بناکر گھومنا ہمیں منظور نہیں ۔سینٹ میں میاں رضا ربانی کے فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں بالکل اس اصول سے متفق ہوں جس کا ذکر رضا ربانی نے کیا ہے، ہم بھی اس ماضی سے گزرے ہیں جس کا ذکر رضا ربانی نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں آج اپنی ذات کو سامنے رکھوں کہ کل میرا ٹرائل بھی فوجی عدالت میں ہو تو اس سے ڈر کر میں ان بچوں کو کیسے بھول جاؤں جن کی لاشیں گرائی گئیں، میں ان جوانوں کی لاشوں کو کیسے بھول جاؤں جن کی لاشوں سے فٹ بال کھیلا گیا، کراچی ایئرپورٹ پر جس بیدردی سے لوگوں کو مارا گیا اور واہگہ میں 50 لوگ ایک منٹ میں اللہ کو پیارے ہو گئے، اس صورتحال میں یہ ہم سب کا فرض ہے کہ دہشت گردوں نے جو گھناؤنا ماحول بنا دیا ہے اس کے بارے میں سوچیں، ایسا ماحول انشاء اللہ پیدا کریں گے کہ اس دھرتی سے آخری دہشت گرد کا بھی خاتمہ ہو جائے، ہماری ذات کی اہمیت نہیں قوم کی اہمیت ہے، ہمیں اس مرض کا علاج کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلح جتھے آزادی سے ملک میں گھومیں کیا یہ ہمیں منظور ہے، کیا ہمیں منظور ہے کہ لوگ ملک میں مسلح ہو کر گھومیں، ساری زندگی اس منصب پر نہیں بیٹھنا، ماؤں کو اطمینان ہونا چاہیے کہ ہمارے بچے خیر سے واپس آئیں گے، اس جذبے کو مدنظر رکھیں گے تو قانون لاگو کرنے والوں کی بھی خیر ہو گی۔

متعلقہ عنوان :