ملک سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی،کور کمانڈرز کانفرنس

جمعرات 1 جنوری 2015 16:58

ملک سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی،کور کمانڈرز ..

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 1جنوری 2015ء )کور کمانڈرز کانفرنس میں پشاور میں دہشتگردی میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے یہ عزم ظاہر کیا گیا ہے کہ ملک سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائینگی جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم سیاسی اور فوجی قیادت کی طرف دیکھ رہی ہے کہ وہ دہشتگردوں اور ان کے ہمدردوں کیخلاف کس قسم کے سخت اقدامات کا فیصلہ کرتی ہے ۔

178ویں کور کمانڈرز کانفرنس جمعرات کو جنرل ہیڈکوارٹر میں ہوئی جس کی صدارت چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کی ۔ کانفرنس کے شرکاء نے پشاور کے دہشتگردی کے حملے میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس جبکہ متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ اپنی سرزمین سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں نہیں روکی جائینگی ۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی اندرونی اور بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے خاص طور پر جاری کارروائیوں پر غور کیا گیا ۔ ملک بھر میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں میں حالیہ اضافے کا جائزہ لیتے ہوئے کانفرنس میں اس کے اثرات کو سراہا گیا ۔ آل پارٹیز کانفرنس میں قومی سیاسی قیادت کی طرف سے ظاہر کئے گئے عزم کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پوری قوم سیاسی اور فوجی قیادت کی طرف دیکھ رہی ہے کہ وہ جراتمندانہ اور بامقصد فیصلے کریں جن سے دہشتگردوں اور ان کے ہمدردوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کیخلاف انتہائی مطلوب اور قیمتی وسیع تر سیاسی اتفاق رائے کو چھوٹے چھوٹے مسائل کی بنیاد پر ضائع نہیں کیاجائے گا ۔ آرمی چیف نے اس امر پر زور دیا کہ تمام اداروں کو مزید وقت ضائع کئے بغیر جامع قومی ایکشن پلان پر موثر فوری عملدرآمد کرنا چاہیے ۔ آرمی چیف نے قومی ایکشن پلان میں طے پانے والے امور پر عملدرآمد کے حوالے سے کئے گئے ہوم ورک کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ وقت کا خاص خیال رکھا جائے