لاہور میں سی آئی اے پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 4اشتہاری ڈاکو ہلاک ،تین فرار ہونے میں کامیاب ،

ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت امجد، عثمان، شاکر اور عرفان کے ناموں سے ہوئی ہے،اسلحہ اور لوٹا ہوا مال برآمد کر لیا گیا ، لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل ، چاروں ملزمان قتل ،ڈکیتی سمیت انتہائی سنگین مقدمات میں مطلوب تھے ‘ پولیس

جمعہ 2 جنوری 2015 13:00

لاہور میں سی آئی اے پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 4اشتہاری ڈاکو ہلاک ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 2جنوری2015ء) صوبائی دارلحکومت کے علاقہ مناواں میں سی آئی اے پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 4اشتہاری ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ہلاک ہونیوالے چاروں ملزمان کی شناخت ہو گئی، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا مال برآمد کر لیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ سی آئی اے پولیس نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر لاہور کے علاقے مناواں میں ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس کی نفری پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 4ڈاکو ہلاک ہو گئے۔

(جاری ہے)

جبکہ ڈاکوؤں کے تین ساتھی فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے ۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت امجد، عثمان، شاکر اور عرفان عرف فانی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹا ہوا مال برآمد کر لیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں ملزمان قتل اور ڈکیتی سمیت انتہائی سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور چاروں 2008میں پیشی پر جاتے ہوئے پولیس وین توڑ کر فرار ہو گئے تھے۔پولیس نے مارے جانے والے ڈاکوؤں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی ہیں جبکہ فرار ہونے والوں کی بھی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔