امن کیلئے 3لاکھ نوجوانوں پر مشتمل یوتھ وولنٹیئرز فورس بنائی جائیگی‘ رانامشہود احمد خان،

تعلیمی اداروں کے طلبہ کی حفاظت اولین ترجیح ، بندوق اٹھانے والا ملک دشمن ہے قوم کو باہر نکل کر انکا مقابلہ کرنا ہوگا‘ وزیر تعلیم پنجاب ، ہر قوم پر برا وقت آتا ہے ملکر سب کو کام کرکے کامیابی حاصل کرنا ہوگی،پنجاب یوتھ فیسٹیول میں یوتھ نے بھرپورڈسپلن کا مظاہرہ کیا، عثمان انور، نوجوان رضا کار برائے امن، ڈیجیٹل لائبریریز کے قیام اور نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی کے حوالے سے سیمینار سے خطاب

ہفتہ 3 جنوری 2015 20:09

امن کیلئے 3لاکھ نوجوانوں پر مشتمل یوتھ وولنٹیئرز فورس بنائی جائیگی‘ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین۔ 3جنوری2015ء) صوبائی وزیر کھیل و یوتھ افیئرز رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ملک حالت جنگ میں ہے، بندوق اٹھانے واالا ملک دشمن ہے، قوم کو باہر نکل کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا، تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے بچوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، ان کی سکیورٹی کیلئے دن رات کام ہو رہا، امن کیلئے 3 لاکھ نوجوانوں پر مشتمل یوتھ وولنٹیئر فورس بنائی جائے گی، ای لائبریریز کے قیام سے نوجوان مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہونگے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ حکومت سکیورٹی کے حوالے سے اپنا کام کررہی ہے، تعلیمی اداروں پر بہت کم بوجھ ڈالا گیا ہے ، سب نے مل کر کام کرکے کامیابی حاصل کرنا ہے،امن کیلئے یوتھ کو آگے لانا ہوگا، پنجاب یوتھ فیسٹیول میں یوتھ کے ڈسپلن کو دنیا نے سراہا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوجوان رضا کار برائے امن، ڈیجیٹل لائبریریز کے قیام اور نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کی سکیورٹی کے حوالے سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار میں چیئرمین ہلال احمر ڈاکٹر سعید الٰہی، اوریا مقبول جان، ارکان اسمبلی کرن ڈار، صاحبزادہ ہاشم، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین، سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نیئر اقبال، سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن گلزار شاہ، وائس چانسلر جی سی یو ڈاکٹر خلیق الرحمان، ایس پی ماڈل ٹاؤن باقر رضا، صدر نجی سکول ایسوسی ایشن کاشف مرزا، ادیب جاودانی، کامسیٹ کے ڈاکٹر محمود بودلہ اور دیگر نے شرکت کی، صوبائی وزیر رانا مشہود احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جارہا ہے، اس سلسلہ میں حکومت اہم اقدامات کررہی ہے، تعلیمی اداروں کے سربراہوں اور نجی سکولز کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں کے ورکنگ گروپس بنائے جا رہے ہیں تاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق یوتھ کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے، پنجاب یوتھ فیسٹیول میں گراس روٹ لیول پر یوتھ اینڈ ڈویلپمنٹ کونسلز بنائی گئی تھیں جس میں چار لاکھ وولنٹیئرز نے کام کیا تھا، اب امن کے قیام کیلئے یوتھ وولنٹیئر فورس بنائیں گے جس کی تعداد تین لاکھ ہوگی، اس فورس سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔

تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے بچوں کی سکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بندوق اٹھانے والا ملک دشمن ہے، قوم کو باہر نکل کر ان کا مقابلہ کرنا ہوگا تعلیمی اداروں اور نجی شعبہ سے مل کر ای لائبریریز کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ نوجوانوں مثبت سرگرمیوں میں مصروف ہوں، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ دہشت گردی کے جن کا ہم سب نے مل کر مقابلہ کرنا ہے، حکومت اپنا کام کررہی ہے اس سلسلہ میں ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ میں 2009ء میں ہوم ڈپیارٹمنٹ میں رہا، تعلیمی اداروں کی دیواریں 8 فٹ اونچی کرنے کا فیصلہ سکیورٹی ایجنسیز کی مشاورت سے کیا گیا ہے، گرفتار دہشت گردوں سے تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ 8فٹ اونچی دیوار کی صورت میں دہشت گردوں کو کارروائی میں مشکلات ہوتی ہیں، یہ دیوار سات یا نو فٹ بھی ہوسکتی تھی مگر سکیورٹی اداروں کی مشاورت سے 8فٹ اونچی کرائی جارہی ہیں، ڈی جی سپورٹس عثمان انور نے کہا کہ ہمیں یوتھ کو مثبت سرگرمیوں کیلئے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہوگا، پنجاب یوتھ فیسٹیول کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب یہ کام شروع کیا گیا تھا تو بہت سے افراد نے کہا کہ یہ ناممکن ہے اتنے نوجوانوں کو کنٹرول کرنا بہت مشکل ہوگا مگر جب فیسٹیول شروع ہوگیاتو لاکھوں نوجوانوں نے جس ڈسپلن کا مظاہرہ کیا اس کی دنیا نے بھی تعریف کی، پنجاب یوتھ فیسٹیول میں گینز ورلڈ ریکارڈکے نمائندے کا کہنا تھا کہ کاش ہمارے لندن کے نوجوان بھی اتنے ڈسپلنڈ ہوتے، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ برا وقت ہر قوم پر آتا ہے، بھارت، سری لنکا پر بھی برا وقت آیا، انہوں نے اس کا مقابلہ کیا آج سری لنکا کی صورتحال مختلف ہے، وہی قوم مشکل سے نکل سکتی ہے جو مائنڈ سیٹ رکھتی ہو۔

چیئرمین ہلال احمر ڈاکٹر سعید الٰہی، اوریا مقبول جان، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین، سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نیئر اقبال، سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن گلزار شاہ، وائس چانسلر جی سی یو ڈاکٹر خلیق الرحمان، ایس پی ماڈل ٹاؤن باقر رضا نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔سیمینار میں ماہرین تعلیم نے یوتھ وولنٹیئرز، ای لائبریریز کے قیام اور سکیورٹی کے حوالے سے اپنی اپنی آراء پیش کیں، صوبائی وزیر رانا مشہوداحمد نے ان تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :