امریکی کمپنی نے بیئر کین، بوتلوں پر گاندھی کی تصاویر شائع کرنے پر معافی مانگ لی

پیر 5 جنوری 2015 16:30

امریکی کمپنی نے بیئر کین، بوتلوں پر گاندھی کی تصاویر شائع کرنے پر معافی ..

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) امریکی کمپنی نے بیئر کین اور بوتلوں پر مہاتما گاندھی کی تصاویر شائع ہونے پر پیدا ہونیوالے تنازع پر معافی مانگ لی۔ تفصیلات کے مطابق ایک امریکی کمپنی نے بیئر کین اور بوتلوں پر مہاتما گاندھی کی تصویر شائع کردیں جس پر تنازع کھڑا ہوگیا جس پر کمپنی نے حیدرآباد کی ایک عدالت میں اس کیخلاف دائر کی جانیوالی ایک درخواست کے بعد معافی مانگ لی ۔

عدالت میں داخل کی جانیوالی درخواست میں کمپنی پر مہاتما گاندھی کی ’توہین‘ کا الزام لگایا گیا تھا۔ تاہم کنیکٹیکٹ میں واقع نیو انگلینڈ بروئنگ نامی کمپنی نے موقف اختیار کیا کہ وہ اس کے ذریعے مہاتما گاندھی کیساتھ عقیدت اور احترام کے جذبے کا اظہار کرنا چاہتی تھی ، کمپنی کا کہنا ہے کہ موہن داس کرمچند گاندھی کی تصویر کی اشاعت کیلئے اس نے مہاتما گاندھی کے پڑ پوتے اور پڑپوتیوں سے بات بھی کی تھی جنھوں نے کین اور بوتل پر لیبل کی تعریف کی تھی۔

(جاری ہے)

بیئر برانڈ کا نام ’گاندھی باٹ‘ ہے۔ نیو انگلینڈ کمپنی کے مطابق گاندھی باٹ میں امریکی ہوپس کی تین اقسام کی بیئر کا مرکب ہے۔ حیدرآباد کے وکیل سنار جناردن نے میٹروپولیٹن مجسٹریٹ سائبرآباد کے سامنے داخل کی جانیوالی درخواست میں کہا کہ بیئر کے کین پر گاندھی کی تصویر اور ان کی تفصیل بھارتی قوانین کے تحت قابل سزا جرم ہے۔ کمپنی کے معاون میٹ ویسٹ فال نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد کسی کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں تھا لیکن اگر اس سے بھارتی باشندوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے تو اس کیلئے ہم معافی چاہتے ہیں۔