سرحدی کشیدگی برقرار، بھارتی فوج کی راولہ کوٹ میں فائرنگ سے نوجوان زخمی

منگل 6 جنوری 2015 10:50

سرحدی کشیدگی برقرار، بھارتی فوج کی راولہ کوٹ میں فائرنگ سے نوجوان زخمی

شکرگڑھ/ راولہ کوٹ/ شکرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6جنوری 2015ء) بھارتی جارحیت ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی ، جنگی جنوں میں مبتلا بھارتیوں نے شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ، مدار پور سیکٹر میں وقفے وقفے سے فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔ شکرگڑھ اور ظفر وال میں خاتون سمیت چار افراد شہید ہوگئے ، دو رینجرز اہلکار زخمی بھی ہوئے ، چناب رینجرز کا بھارتی فورسز کو بھرپور جواب جاری ہے ۔

جارحانہ عزائم لیے بھارتی فورسز کی سرحدی دہشتگردی جاری ہے ۔ راولہ کوٹ کے مدار پور سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا جبکہ لوگ گھروں میں محصور ہو گئے۔ بھارتی فورسز نے پیر کے روز شکر گڑھ اور ظفر وال سیکٹر میں بلا اشتعال گولہ باری کی ، گھروں پر گولے گرنے سے سکمال گاؤں کی شمیم اختر بیکے چک کا پینتیس سالہ مبین ، بھورے گاؤں کا اٹھارہ سالہ عظیم اور مکھوال کا رہائشی ایک نوجوان شہید ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ننگل کا رہائشی پندرہ سالہ وحید ، ساٹھ سالہ خورشید ، ڈیرہ کنگرہ کی بشریٰ بی بی ، بیریاں کوہلیاں کا یعقوب اور اس کی دو بیٹیاں بھی گولہ باری کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئیں ، کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ، ظفر وال سیکٹر میں لانس نائیک احسان اور رینجرز اہلکار اللہ یار بھی زخمی ہوگئے ۔ پاکستان نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرا دیں ۔

چناب رینجرز نے درجنوں آبادیاں بھی خالی کرا لی ہیں ، سرحدی علاقوں سے خوفزدہ لوگوں کی نقل مکانی بھی جاری ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اکتیس دسمبر سے اب تک بھارتی فورسز نے سیالکوٹ اور ظفر وال سیکٹر میں چھ بار گولہ باری کی ۔ جوابی کارروائیوں میں دشمن کو بھی بھاری نقصان کا سامنا ہے ۔ ذرائع کے مطابق چناب رینجرز کی جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی اہلکار بھی ہلاک ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :