ملکی مارکیٹوں میں سونا مہنگا ،فی تولہ سونا 47 ہزار سے صرف 100 روپے کی دوری پر

منگل 6 جنوری 2015 21:19

ملکی مارکیٹوں میں سونا مہنگا ،فی تولہ سونا 47 ہزار سے صرف 100 روپے کی دوری ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جنوری 2015ء)عالمی صرافہ مارکیٹ میں ایک بار پھر سونے کی فی اونس قیمت 1200 ڈالر سے تجاوز کرگئی جس کے بعد مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونا مہنگا ہوگیا اور فی تولہ سونا 47 ہزار روپے سے صرف 100 روپے کی دوری پر آچکا ہے ۔منگل کو عالمی صرافہ مارکیٹ میں 20 ڈالر کے اضافے سے سونے کی فی اونس قیمت 1211 ڈالر پر جاپہنچی جس کے باعث ملکی صرافہ مارکیٹوں میں بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق منگل کو ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد کراچی، حیدرآباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 46 ہزار 850 روپے سے بڑھ کر 46 ہزار 900 روپے ہوگئی اسی طرح 43 روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 40 ہزار 200 روپے ہوگئی جبکہ فی تولہ چاندی 690 روپے پر مستحکم رہی ۔